اسلامی تحریک اور استحکام پاکستان پارٹی کا آئندہ گلگت بلتستان انتخابات مل کر لڑنےکا فیصلہ
شیعیت نیوز: گلگت بلتستان کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان (علامہ ساجد نقوی گروپ)اور استحکام پاکستان پارٹی (لوٹا گروپ) نے آئندہ گلگت بلتستان انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد سیاسی منظرنامے میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان مختلف حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا طے پا گیا ہے۔ خصوصاً سکردو حلقہ نمبر 1 سمیت دیگر اہم نشستوں پر اسلامی تحریک، ایم ڈبلیوایم کے مضبوط امیدوار سابق قائد حزب اختلاف کاظم میثم کے مقابل استحکام پاکستان پارٹی کے نامزد امیدواروں کی حمایت کرے گی۔
اس فیصلے کو علاقائی سیاست میں ایک اہم حکمت عملی قرار دیا جا رہا ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اتحاد نہ صرف انتخابی نتائج پر اثر انداز ہو سکتا ہے بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی نئی حکمت عملی ترتیب دینے پر مجبور کرے گا۔ دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان حالیہ ملاقاتوں میں مشترکہ انتخابی مہم چلانے اور ووٹ بینک کو یکجا کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا بشارت امامی کے حواریوں کا شہداء سانحہ مسجد خدیجتہ الکبریٰ کے اھل خانہ پہ تشدد
عوامی حلقوں میں اس پیش رفت کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے۔ بعض اسے سیاسی استحکام کی جانب قدم قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ حلقے اسے طاقت کے توازن میں ممکنہ تبدیلی سے تعبیر کر رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ اتحاد انتخابی میدان میں کس حد تک کامیاب ثابت ہوتا ہے اور آیا یہ گلگت بلتستان کی سیاست میں کوئی نیا باب رقم کرتا ہے۔







