وزیراعظم کا ترلائی دورہ: شہدا کے لواحقین سے تعزیت، شہید عون عباس کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان

13 فروری, 2026 12:13

شیعیت نیوز : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ کا دورہ کیا اور حالیہ دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کرکے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم دہشت گردی کے اس مذموم، مکروہ اور انتہائی گھناؤنے واقعے پر شدید دکھ میں مبتلا ہے۔ ہمارے بزرگ، بھائی، بیٹے اور بچے اس دہشت گردی کا نشانہ بنے، ہم سب سوگوار ہیں اور میں پوری قوم کی جانب سے تعزیت کے لیے حاضر ہوا ہوں۔ یقیناً یہ ہم سب کے لیے، بالخصوص اہل خانہ کے لیے ناقابل برداشت صدمہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی دھمکیوں اور بحری جہازوں کے باوجود 22 بہمن کی ریلیاں ایرانی عوام کی استقامت اور مزاحمت کی علامت تھیں، نیویارک ٹائمز

وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے شہید عون عباس کی بے مثال شجاعت کے اعتراف میں ان کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں ہر شہید کے اہل خانہ کے لیے پچاس لاکھ روپے، شدید زخمی ہونے والوں کے لیے تیس لاکھ روپے جبکہ دیگر زخمیوں کے لیے دس لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ریاستی ادارے پوری قوت سے کارروائی جاری رکھیں گے اور ملک میں امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

2:22 شام مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top