وحدت ایمپلائیز ونگ پاکستان کی مرکزی کونسل کا آن لائن اجلاس, حکومت سے شہداء کے قاتلوں کو فوری سزا کا مطالبہ
شیعیت نیوز : وحدت ایمپلائیز ونگ پاکستان کی مرکزی کونسل کا اجلاس زیر صدارت مرکزی صدر سلیم عباس صدیقی آن لائن منعقد ہوا، جس میں مرکزی کونسل کے اراکین عبداللہ بلوچ، طاہر حسین نیر، آغا حسن، راجہ علمدار حسین شریک ہوئے اور صوبائی صدر سندھ کاشف نقوی، صوبائی صدر شمالی پنجاب آصف ریاض، صوبائی صدر جنوبی پنجاب سید رضوان کاظمی، صوبائی صدر کے پی کے جنوبی سید نثار کاظمی، جنرل سیکرٹری بلتستان ریجن الطاف حسین، صدر گلگت ریجن یاور علی، صوبائی نائب صدر سندھ اشفاق حسین شریک ہوئے۔
اجلاس میں سانحہ ترلائی اسلام آباد کی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ حکومت فی الفور شہداء کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔
اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا کہ واپڈا سمیت تمام منافع بخش اداروں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ 1993 سے فرید شدہ ہاؤس رینٹ بحال کر کے موجودہ مہنگائی کے ریٹ کے مطابق ہاؤس رینٹ مقرر کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : مدرسہ الولایہ قم المقدسہ میں طلاب کے لیے “ایم ایس ورڈ کی کارگاہ” کا انعقاد، ڈاکٹر سید عباس حسینی نے عملی تربیت دی
شرکائے اجلاس نے کہا کہ گروپ لائف انشورنس جو کہ مزدور کی اپنی رقم ہے جو پاکستان کے مختلف بینکوں میں پڑی ہوئی ہے اور عدالت عالیہ نے جو گروپ لائف انشورنس کے حوالے سے بہترین فیصلہ کیا ہے اس کی توثیق کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ گروپ لائف انشورنس کی رقم ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر واپس کی جائے۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پچھلے تین سال کے ایڈہاک الاؤنس فی الفور بیسک پے میں ضم کیا جائے اور نئے پے سکیل مرتب کیے جائیں۔ اجلاس میں موجودہ میڈیکل الاؤنس کی کم رقم پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اس مہنگائی کے دور میں جب ادویات کی قیمتیں آسمانوں پر ہیں ہسپتالوں میں مہنگائی زوروں پر ہے تو دیگر مالیاتی اداروں کی طرح اور پرائیویٹ کمپنیوں کی طرح تمام سرکاری ملازمین کو بھی پرائیویٹ ہاسپٹل کی سہولت دی جائے۔
آخر میں اگیگا کی طرف سے دیئے گئے تمام مطالبات کی بھرپور حمایت کی گئی۔







