قم المقدسہ کے مدرسہ حجتیہ میں "دفاعِ ولایت کانفرنس” کا انعقاد، اسلام آباد سانحہ پر شدید تشویش، رہبر انقلاب اسلامی کی حمایت کا مشترکہ اعلان
شیعیت نیوز : قم المقدسہ کے تاریخی مدرسہ حجتیہ میں ہندوستان و پاکستان کی مختلف تنظیموں، مدارس اور اداروں کا مشترکہ اجلاس بعنوان دفاعِ ولایت کانفرنس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں جامع مسجد قصرِ خدیجۃ الکبریٰ پر نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دہشتگرد حملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔
مقررین نے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہای دام عزہ کی پوری طرح حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اتحادِ امت، دفاعِ ولایت اور حالاتِ حاضرہ میں شعوری بیداری کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : یہ الٰہی انقلاب ہے جس نے مظلوم قوم کو خودداری اور خود انحصاری کی طاقت دی، علامہ سید حسنین عباس گردیزی
اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام آباد کا یہ گھناؤنا حملہ صرف ایک مسجد یا ایک مکتب پر نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے اتحاد، امن اور استقامت پر حملہ ہے۔ دہشت گردی، تکفیر اور فرقہ واریت کے خلاف تمام مسلمانوں کو متحد ہو کر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں شرکت کرنے والے علماء، رہنماؤں اور اداروں کے نمائندوں نے رہبر معظم کی قیادت کو امت مسلمہ کے لیے رحمت اور امید کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ولایت فقیہ پر حملہ دراصل امت مسلمہ پر حملہ ہے اور اس کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت جاری رکھی جائے گی۔







