یہ الٰہی انقلاب ہے جس نے مظلوم قوم کو خودداری اور خود انحصاری کی طاقت دی، علامہ سید حسنین عباس گردیزی

11 فروری, 2026 10:47

شیعیت نیوز : علامہ سید حسنین عباس گردیزی صدر مجلس علما مکتب اہلبیت پاکستان نے انقلاب اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ کی مناسبت سے میڈیا سیل سے جاری بیان میں پوری امتِ مسلمہ، عالمِ اسلام اور بالخصوص اسلامی ایران کی عظیم قوم کو دل کی گہرائیوں سے ہدیۂ تبریک و تہنیت پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن محض ایک سیاسی تبدیلی کی یاد نہیں بلکہ یہ اس الٰہی انقلاب کی تجدید ہے جس نے استکبار، ظلم، شاہی آمریت اور سامراجی غلامی کے خلاف ایک مظلوم مگر باوقار قوم کو قیام، خودداری اور خود انحصاری کی طاقت عطا کی۔

علامہ گردیزی نے مزید کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں ایران نے جس استقامت، خودمختاری اور سائنسی و دفاعی ترقی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ دنیا کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ جو قوم خدا پر بھروسہ اور اپنے نظریے پر یقین رکھتی ہو، اسے کوئی طاقت مغلوب نہیں کر سکتی۔

یہ بھی پڑھیں : عوام کی 22 بہمن کی ریلی میں بھرپور شرکت دشمنوں کو مزید مایوس کرے گی، آیت‌اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی

آج اسلامی ایران نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر ایک مؤثر اور خوددار قوت کے طور پر ابھرا ہے جو مظلوموں کی حمایت اور ظالم نظاموں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہونے کی علامت بن چکا ہے۔ یہ سب کچھ انقلابِ اسلامی کی برکات، شہداء کے خون اور امام خمینیؒ کے بصیرت افروز قیام کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے عظیم رہبر انقلاب حضرت امام خمینیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلام کو صرف مسجد تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے ایک زندہ انقلابی نظام بنا کر دنیا کے سامنے پیش کیا۔

اسی طرح موجودہ رہبرِ معظم انقلاب اسلامی، حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای مدظلہ العالی کی بصیرت، شجاعت اور عالمی قیادت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکمت و استقامت نے اسلامی انقلاب کو طوفانوں کے باوجود سربلند رکھا ہے۔

آخر میں علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے پروردگارِ عالم سے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ رہبر معظم کو طولِ عمرِ با برکت عطا فرمائے، اسلامی ایران کو ہر میدان میں مزید کامیابیاں نصیب فرمائے، اور اس انقلاب کو حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور اور عالمی عدل کے انقلاب سے متصل فرمائے۔

2:04 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top