شیعہ علماء کونسل پاکستان کا سانحہ ترلائی اسلام آباد کے خلاف بروز جمعہ ملک گیر احتجاج کا اعلان
شیعیت نیوز : علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی نے کہا کہ حکومت سے سانحہ کی شفاف تحقیقات کر کے واقعے میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام یکجا ہو کر جمعہ کو یوم احتجاج میں ظلم کیخلاف صدائے احتجاج بلند کر کے ثابت کر دیں کہ پاکستان میں امت مسلمہ یکجا ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان نے سانحہ جامع مسجد خدیجۃ الکبریٰ ترلائی اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے خلاف بروز جمعہ 13 فروری 2026ء کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت ملک بھر میں بعد از نماز جمعہ احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ حکومت سے سانحہ کی شفاف تحقیقات کر کے واقعے میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سانحہ ترلائی کو دشمنان اسلام کی کارستانی قرار دیا جو ان کارروائیوں سے وطن عزیز پاکستان میں اتحاد امت کو پارہ پارہ کر کے مملکت خداداد کو ایک بار پھر فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام یکجا ہو کر جمعہ کو یوم احتجاج میں ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کر کے ثابت کر دے کہ پاکستان میں امت مسلمہ یکجا ہے اور مٹھی بھر شر پسند دہشت گرد اور ان کے سہولت کار اس اتحاد امت کو پارہ پارہ نہیں کر سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: تکفیری عناصر ماہ رمضان سے قبل دہشتگردی کو ہوا دے کر خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، علامہ اشفاق وحیدی
علامہ شبیر میثمی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا ہے جس کے محرکات میں دشمنان ملک و ملت کے سہولت کاروں کی جانب سے تکفیری پست ذہنیت کے ذریعے فرقہ واریت کو ہوا دینا ہے لیکن حکومت اور انتظامیہ ایسے واقعات کو خاموش تماشائی بنی دیکھ رہی جو کہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے سانحہ جامع مسجد خدیجۃ الکبریٰ کے واقعے کو اسی مذموم کوشش کی کڑی قرار دیتے ہوئے اس سانحہ میں جانی ضیاع کو حکومت کا اپنے شہریوں اور نمازیوں کو دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تحفظ دینے میں ناکامی قرار دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کروا کر واقعے کے محرکات اور اس میں ملوث مجرموں کو بے نقاب کرے اور مجرموں سمیت تمام سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سوگوار خانوادوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور زخمیوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔







