آیت اللہ ریاض حسین نجفی نے علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی، سینیٹ اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی

02 فروری, 2026 20:11

شیعیت نیوز : آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، ملی اتحاد اور قومی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نجفی نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصب مجلس وحدت مسلمین کے لیے بحیثیتِ جماعت اور خود علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے لیے بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایوانِ بالا میں پاکستان کے عوام کی نمائندگی، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے نصیحت کی کہ بہتر حکمت عملی کے ساتھ تمام سیاسی رہنماؤں اور حکومت سے بہتر رابطے قائم رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں : عرب ممالک کی منافقت کی انتہا: ایران کا تختہ الٹنے کی خفیہ سازش، مگر جنگ سے معیشت برباد ہونے کی گھبراہٹ، واشنگٹن پوسٹ

آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اہم پارلیمانی ذمہ داری آپ کے سپرد کی ہے، جو آپ کی سیاسی بصیرت اور جمہوری جدوجہد پر اعتماد کا اظہار ہے۔ یقیناً آپ ایوانِ بالا میں اپوزیشن کے قائد کی حیثیت سے آئینی تقاضوں، جمہوری اقدار اور عوامی مفادات کے تحفظ میں موثر کردار ادا کریں گے۔ خاص طور پر قانون سازی کے مراحل میں مثبت سمت آگے بڑھیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو بھاری ذمہ داری کی سر انجام دہی میں کامیابی، استقامت اور بصیرت عطا فرمائے اور آپ کی کاوشوں کو ملک و ملت کے لیے مفید بنائے۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نجفی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی قابلِ قدر ہے۔ ان شاء اللہ بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ملاقات میں ناظم اعلیٰ حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر علامہ مرید حسین نقوی، ڈاکٹر سید محمد نجفی اور مولانا لعل حسین خان توحیدی بھی موجود تھے۔

2:07 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top