بلوچستان میں آپریشن مکمل: فتنہ الہندوستان کے 133 دہشت گرد ہلاک
شیعیت نیوز: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دو دنوں میں آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 133 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنہ الہندوستان کے اسپانسرڈ دہشت گردوں نے بلوچستان کا امن خراب کرنے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں نے 31 جنوری کو بلوچستان کے مختلف شہروں میں دہشت گرد کارروائیاں کیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، گوادر اور پسنی میں کارروائیاں کیں اور خواتین، بچوں اور مزدوروں سمیت 18 شہریوں کو شہید کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے اگر خلیج میں امریکی اڈوں پر حملہ کیا تو سعودی عرب خاموش نہیں رہے گا، سعودی شاہی حکام
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے بھرپور جوابی کارروائیوں کے دوران حملے ناکام بناتے ہوئے 3 خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گرد ہلاک کر دیے جس کے بعد 2 دنوں میں بلوچستان میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 133 ہو گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران 15 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حملے پاکستان سے باہر بیٹھے دہشت گرد کے سرغنوں کی ہدایت پر کیے گئے۔







