سانحہ گل پلازہ: ڈی این اے سے مزید ایک لاش کی شناخت، جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہو گئی
شیعیت نیوز : سانحہ گل پلازہ میں ڈی این اے کے ذریعے مزید ایک لاش کی شناخت کر لی گئی، شناخت شدہ لاشوں کی تعداد 23 جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہو گئی۔
سانحہ گل پلازہ میں ملبے سے انسانی باقیات نکلنے کا سلسلہ جاری ہے، آج مزید ایک لاش کی شناخت ڈی این اے کی مدد سے ہوئی ہے۔
انچارج شناخت پروجیکٹ سی پی ایل سی عامر حسن کے مطابق شناخت ہوئی لاش عبدالحسیب نامی شخص کی ہے، اب تک 23 لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے جس میں 16 لاشوں کی شناخت ڈی این اے سے ہوئی جس کے بعد تاحال جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہو گئی ہے۔
عامر حسن کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دو افراد کی باقیات ملی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : لکی مروت میں پولیس کا بہادرانہ دفاع: کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام، فرار پر مجبور
ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی نمازِ جنازہ ادا، دو تاحال لاپتا
دریں اثنا گل پلازہ آتشزدگی میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی نمازِ جنازہ دہلی کالونی عید گاہ گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی جس میں رشتہ داروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ نماز جنازہ میں ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، منعم ظفر، نجمی عالم سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
ایدھی حکام کے مطابق 4 میتوں میں 2 بہنیں اور ایک بھائی شامل ہیں۔ دہلی کالونی کے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، متاثرہ خاندان کے خاتون سمیت 2 افراد کی شناخت ہونا باقی ہے، متاثرہ خاندان شاپنگ کے لیے گل پلازہ گیا تھا۔
اسی طرح سانحہ گل پلازہ میں شہید محمد شیث کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ شہید محمد شیث کے والد نے پڑھائی جو کہ گارڈن کشتی والی مسجد میں ادا کی گئی۔ بعد ازاں شیث کو گارڈن میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
تحقیقات کے لیے لاہور سے ٹیکنیکل ٹیم گل پلازہ پہنچ گئی
سانحہ گل پلازہ میں تحقیقات کے لیے لاہور سے ٹیکنیکل ٹیم گل پلازہ پہنچی جس نے مختلف مقامات کا جائزہ لیا۔ ٹیم میں لاہور سے آئے فارنزک ٹیم کا عملہ بھی موجود ہے جسے پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مختلف مقامات کا معائنہ کرایا۔
اربن سرچنگ آپریشن ٹیم کی جانب سے مختلف مقامات پر مارکنگ کر دی گئی۔ اربن سرچنگ ٹیم کے مطابق جہاں سرچنگ کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے وہاں مارکنگ کی جا رہی ہے، گل پلازہ کے مختلف مقامات پر H کا نشان مارک کیا گیا ہے، H نشان کا مطلب خطرے کی نشاندہی، عمارت گرنے کا خدشہ ہے۔
گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری
ریسکیو 1122 اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں تاحال متاثرہ عمارت کے ملبے میں موجود انسانی باقیات کی تلاش میں مصروف ہیں۔







