ایران سے واپس آنیوالے پاکستانی طلبہ وزائرین کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں، ڈی سی گوادر
شیعیت نیوز: ایران میں موجود پاکستانی طلبہ اور زائرین کی گوادر سے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کے مطابق آج ایران سے 51 طلبہ و طالبات پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں، جبکہ اب تک 125 سے زائد طلبہ ریمدان بارڈر کے راستے وطن پہنچ چکے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے وطن واپس آنے والے طلبہ کے لئے کھانے پینے، رہائش اور سفر کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ ان کا سفر آسان اور محفوظ ہو۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر طلبہ کی واپسی اور ان کی سہولت کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ طالب علموں کی حفاظت اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مستقل رابطہ بھی رکھا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔ ڈی سی گوادر کا کہنا ہے کہ ایران میں موجود دیگر پاکستانی شہری بھی مرحلہ وار وطن واپس لائے جا رہے ہیں اور انتظامیہ کے مطابق واپسی کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے گا۔







