وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی قائدین کی وحدت ہاؤس کراچی میں ایم ڈبلیوایم قائدین سے ملاقات
شیعیت نیوز: وزیراعلیٰ صوبہ خیبرپختونخواہ مُحمد سہیل خان آفریدی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکریٹریٹ سولجربازار میں رہنماوں سے ملاقات کی۔ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال، پھول نچھاور کئے، گلدستے اور سندھ کی ثقافت اجرک اور ٹوپی تحفے میں پیش کی جبکہ وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکریٹری بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری فردوس شمیم نقوی، پارلیمانی لیڈر قومی شاہد خٹک، ممبر قومی اسمبلی عادل خان بازائی، نعیم حیدر پنجوتھہ، نادیہ خٹک سمیت دیگر مرکزی، صوبائی اور کراچی کے رہنماؤں سمیت کارکنان و عہدیداران کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر صوبائی آرگنائزر ایم ڈبلیو ایم سندھ علامہ حیات عباس نجفی، ڈویژنل صدر علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، صدر وحدت عزاداری وِنگ کراچی رضی حیدر رضوی، صدر وحدت یوتھ وِنگ کراچی علی حیدر کاظمی، صوبائی رہنما ناصرالحسینی، علی احمر، صدر ضلع ملیر احسن عباس رضوی، آصف صفوی، عارف رضا، راحب علی عمائدین پاراچنار اور دیگر رہنما بڑی تعداد میں استقبال کیلئے موجود تھے۔
ملاقات میں موجودہ ملکی و صوبائی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ حیات عباس نجفی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے سندھ اسٹریٹ احتجاج کو عوام نے خوش آمدید کیا ہے، تحریک تحفظ آئین پاکستان بحالی کی موومنٹ عوامی امنگوں کے مطابق ہے، ملکی عوام قانون و آئین کی بالادستی، مہنگائی کا خاتمہ اور جمہوریت چاہتے ہیں، کراچی کی عوام نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ 8 فروری کا مینڈیٹ بانی پی ٹی آئی کا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں آئین کی بحالی پالیمنٹ کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی چاہتے ہیں، عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین کی ہر کال پر سندھ میں لبیک کہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رہبر انقلاب آیت اللہ خامنہ ای سے اظہار یکجہتی اور امریکا کیخلاف آئی ایس او کی کراچی میں احتجاجی ریلی
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا مہمان وزیر اعلیٰ کے پی کے ساتھ رویہ قابل مذمت ہے، ملک میں فارم 47 کی حکومت ہے، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے، 8 فروری سے پہلے عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور سی ایم کے پی کے سہیل آفریدی نے کہا کہ کراچی پاکستان دل ہے، اس شہر نے پھر ثابت کیا کہ یہ عمران خان کا شہر ہے، ہم ایم ڈبلیو ایم کے مشکور ہیں جس نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے، علامہ راجہ ناصر عباس ہمارے رہبر ہیں جو ہماری بہترین رہنمائی کرتے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ حیات عباس اور علامہ صادق جعفری نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی قائدین کا وحدت ہاؤس آمد پر شکریہ ادا کیا اور حقیقی آزادی کی اس عظیم جدوجہد میں آخری سانس تک ساتھ دینے کا عزم کیا۔







