شہید قاسم سلیمانی کی زندگی صالح انسان کی مثال تھی، رہنما حزب اللہ
شیعیت نیوز: حزب اللہ لبنان کے بین الاقوامی امور کے انچارج نے کہا ہے کہ شہید قاسم سلیمانی جیسے سپہ سالار کی جرات مندانہ زندگی میں ہم نے شجاعت کے بہت سے شواہد دیکھے ہیں لیکن ہمیں ان کی زندگی کے انسانی پہلو پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ ان کی زندگی ایک صالح انسان کی مثال تھی۔
آن لائن ویبینار "مکتب سلیمانی، مقاومت کی عقلانیت اور محاذ حق کا مستقبل” میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ خلیل رزق نے کہا کہ حاج قاسم سلیمانی اعلیٰ اخلاق کے حامل تھے جنہوں نے عراق، یمن، شام اور… میں عوام کی خدمت کی اور لوگوں سے محبت کی اور اپنی پوری زندگی انسانیت کی خدمت میں گزاری۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ اور صہیونی ریاست قتل عام کر کے انسانی حقوق کی باتیں کرتے ہیں، ایرانی صدر
ایران کے شہر خوزستان کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے شہید سلیمانی کی براہ راست موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے شیخ خلیل رزق نے کہا کہ جب بھی وہ دنیا کے تمام حصوں میں لوگوں سے ملے تو بہت ہی عاجزی سے پیش آئے اور شہداء کے بچوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئے اور ایک مہربان باپ کی طرح تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید سلیمانی اپنی زندگی میں لوگوں سے میل جول میں بہت سادہ تھے اور اعلیٰ اخلاق کے حامل تھے، جو اس عظیم کمانڈر کا امتیازی مقام تھا۔
شیخ خلیل رزق نے کہا کہ جب ہم حاج قاسم کے اخلاقی مکتب کے بارے میں بات کرتے ہیں تو ہمارے ذہن میں امیر المومنینؑ کا اخلاقی مکتب آتا ہے۔ حاج قاسم جنہوں نے دن رات انتھک محنت کی اور مزاحمت کے محور کے لیے جدوجہد کی، اپنی ذاتی زندگی میں اخلاق اور صالح اعمال پر کاربند رہے ہم ان کی عبادت کے طریقہ کار اور اعلیٰ اخلاق میں امیر المومنینؑ کی شخصیت کا نظارہ کر سکتے ہیں۔







