شہید قاسم سلیمانی عراق کی مقدس سرزمین پر 100 بار شہید ہونے کی آرزو رکھتے تھے، بغداد میں ایرانی سفیر
شیعیت نیوز: بغداد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر محمد کاظم آل صادق نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی، عراق اور وہاں کے مقدس مقامات کے دفاع کی راہ میں، یہ آرزو رکھتے تھے کہ وہ اس سرزمین پر 100 بار شہید ہوں۔
محمد کاظم آل صادق نے ان خیالات کا اظہار شہدائے مقاومت کی چھٹی برسی کے موقع پر کیا۔
اس بارے میں انہوں نے کہا کہ ولایت اور اہل بیت علیہم السلام کے حقیقی عاشق، شہید قاسم سلیمانی ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ اگر مجھے ایران یا لبنان میں ایک بار شہادت کی آرزو ہے، تو عراق کی اس پاک سرزمین پر 100 بار شہید ہونے کی خواہش رکھتا ہوں۔
یہ بات کوئی دعویٰ نہیں بلکہ ایک حقیقت تھی۔ وہ بغداد کی سلامتی کو تہران کی سلامتی سمجھتے تھے۔ وہ سامراء، کربلا اور نجف کے مقدس مقامات کو اپنی عزت و ناموس سمجھتے تھے۔
اسی جذبہ عشق کی وجہ سے جنرل قاسم سلیمانی نے جغرافیائی سرحدوں کو عبور کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مولود کعبہ: امیر المؤمنین امام علیؑ کی خانہ کعبہ میں ولادت کی عظیم فضیلت
آخرکار ان کی آرزو اسی مقدس سرزمین پر پوری ہوئی، جہاں ان کا پاک خون ان کے بھائی اور ہم رکاب شہید ابو مہدی المہندس کے خون سے مل گیا۔
اسی کے ساتھ ساتھ آیت اللہ سید علی حسینی سیستانی کے تاریخی فتوے نے عراق کو دہشت گردوں سے نجات دلائی اور الحشد الشعبی کے قیام کا راستہ ہموار کیا۔
اسی فتوے کی بدولت آج الحشد الشعبی وہ قوت بن چکی ہے جو عراق کے لیے باعث فخر اور امت اسلامی کا طاقتور بازو ہے۔
ایرانی سفیر نے زور دے کر کہا کہ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ان شہدائے مقاومت کے خون کے احترام میں، دونوں ملکوں کی حاکمیت کو محفوظ رکھیں، الحشد الشعبی کو مضبوط کریں اور عراق سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلاء پر زور دیں۔
انہوں نے کہا کہ عراق کی خودمختاری، سلامتی اور آزادی کے لیے ایران، اس ملک کی حکومت و عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔







