غزہ میں 257 فلسطینی صحافی شہید، اسرائیلی جرائم حق کی آواز کو نہیں دبا سکیں گے، حماس کا بیان
شیعیت نیوز: حماس نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے صحافیوں کے خلاف جاری جرائم، حق اور مظلوموں کی آواز کو دبانے میں ناکام رہیں گے۔
تحریک نے بتایا کہ ۷ اکتوبر 2023 سے جاری دو سالہ خونریز جنگ اور نسل کشی کے دوران غزہ کی پٹی میں 257 فلسطینی صحافی اور میڈیا کارکن شہید کیے جا چکے ہیں۔
یہ بات حماس نے فلسطینی صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن (31 دسمبر) کے موقع پر جاری بیان میں کہی۔
بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی صحافیوں کا کردار قابض قوتوں کی گولیوں سے زیادہ طاقتور ہے اور رہے گا، کیونکہ وہ زمینی حقائق دنیا کے سامنے لانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: راہِ شہید سلیمانی پر پوری طاقت کے ساتھ قائم رہیں گے، ایرانی صدر
حماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی قیادت کو فلسطین میں صحافیوں کے خلاف کیے گئے جرائم پر جواب دہ ٹھہرایا جائے اور اس حوالے سے ایک جامع بین الاقوامی اقدام عمل میں لایا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ کی جنگ نے اسرائیل کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، جو حقائق کی اشاعت اور آزاد صحافت کا سب سے بڑا دشمن بن کر سامنے آیا ہے۔
فلسطینی صحافیوں نے مسلسل اور براہ راست نشانہ بنائے جانے کے باوجود زمینی حقائق کی رپورٹنگ جاری رکھی، جس کے نتیجے میں اسرائیلی پروپیگنڈے کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا اور اس کی خونخوار حقیقت دنیا پر آشکار ہوئی۔
حماس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید صحافیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور فلسطینی میڈیا حق، انصاف اور مظلوموں کی نمائندگی کا فریضہ پوری قوت کے ساتھ ادا کرتا رہے گا۔







