نیا سال ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ وقت اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم امانت ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا نئے سال کا پیغام
شیعیت نیوز : سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نئے سال کے آغاز پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نیا سال ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ وقت اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم امانت ہے، اور ہر گزرتا لمحہ ہمارے اعمال کا گواہ بنتا ہے۔ پاکستان آج جن کٹھن حالات سے گزر رہا ہے، معاشی دباؤ، بے یقینی، ناانصافی اور اخلاقی زوال یہ سب ہمیں رجوع الیٰ اللہ، خود احتسابی اور اجتماعی اصلاح کی دعوت دیتے ہیں۔
انہوں نے قرآنِ کریم کی آیت “اِنَّ اللّٰہَ لَا یُغَیِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتّٰی یُغَیِّرُوا مَا بِاَنْفُسِہِمْ” (بے شک اللہ کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت نہ بدل لے) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نیا سال اس عزم کے ساتھ شروع کریں کہ ہم ظلم، جھوٹ اور بددیانتی کے خلاف کھڑے ہوں گے، حق، عدل اور امانت کو اپنا شعار بنائیں گے، اور ذاتی مفاد کے بجائے قومی بھلائی کو مقدم رکھیں گے۔ حکمران ہوں یا عوام، سب کو اللہ کے حضور جواب دہی کا احساس زندہ رکھنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : آئی ایس او کراچی کے تحت “شہدائے حریت کانفرنس“ ؛ شہدائے مقاومت کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ آئیے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطنِ عزیز پاکستان کو امن، استحکام اور خیر و برکت عطا فرمائے، ہمیں باہمی اتحاد، صبر اور حکمت کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق دے، اور اس نئے سال کو ملک و ملت کے لیے اصلاح، عدل و انصاف کی بالادستی اور فسطائیت سے نجات کا سال بنا دے۔ اِلٰہی آمین۔







