ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کا سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنما علامہ علی حسنین حسینی نے بلوچستان کے سرکاری ملازمین کی جانب سے جاری احتجاج کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارم 47 سے قائم ہونے والی جعلی حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔
اسمبلی میں جعلی نمائندوں کو بھیجنے کے ثمرات اب سامنے آنے لگے ہیں کہ سرکاری ملازمین کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جاری احتجاج میں اسمبلی کا کوئی بھی نام نہاد نمائندہ نہیں آیا۔
یوں لگ رہا ہے کہ فارم 47 کے جعلی حکمران عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہیں اور ہر جگہ منہ چھپا کر پھر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اوکاڑہ میں سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، کالعدم سپاہ صحابہ کا کارندہ گرفتار
اپنے جاری بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ علی حسنین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان سرکاری ملازمین کی مشترکہ تنظیم بلوچستان گرینڈ الائنس کی جانب سے جاری احتجاج کی حمایت کرتی ہے۔
ملازمین کو ان کے جائز حقوق ملنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر شخص کا آئینی حق ہے۔ جہاں دنیا بھر میں احتجاج کو جمہوریت کا حسن کہا جاتا ہے وہی بلوچستان حکومت ہر مظاہرے کو دبانے کی کوشش کرتی ہے اور مختلف طریقوں سے دباؤ ڈالتی ہے۔ جو کہ ایک غیر جمہوری رویہ ہے۔
اسی طرح سرکاری ملازمین پر بھی دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جو قابل مذمت ہے۔
علامہ علی حسنین نے کہا کہ حکومت روز اول سے ہر طبقے کو دھوکہ دیتی آ رہی ہے۔ ملازمین کو بھی گزشتہ 6 ماہ سے دھوکہ دیا جا رہا ہے۔
صوبائی حکومت صوبے کو سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے جائز مطالبات جلد از جلد منظور کیے جائیں۔







