غزہ میں خیمے ناکارہ، شدید سردی اور بارشوں سے عوام بے حفاظت، 25 شہری شہید

29 دسمبر, 2025 19:59

شیعیت نیوز : غزہ میں امداد و نجات کے ترجمان محمود بصل نے کہا ہے کہ غزہ میں نصب خیمے مکمل طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں۔ شہر میں نصب خیمے اور ٹینٹ نہ شدید سردی سے تحفظ فراہم کر پا رہے ہیں اور نہ ہی موسلا دھار بارش سے بچا سکتے ہیں۔ موجودہ سنگین حالات میں خیمے کسی بھی طور ایک قابل اعتماد انسانی حل نہیں رہے۔

فلسطینی خبر ایجنسی سے گفتگو میں محمود بصل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تعمیر نو کا عمل شروع کیا جائے اور محفوظ رہائشی مکانات فراہم کیے جائیں تاکہ فلسطینی عوام کی جانوں کا تحفظ اور ان کی انسانی وقار کی حفاظت ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ناقابل پیشنگوئی موسمی نظام کے آغاز کے بعد اب تک غزہ میں 18 رہائشی عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ اس دوران کم از کم 25 شہری، جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں، جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ بعض افراد شدید سردی کے باعث جبکہ بعض عمارتوں کے گرنے یا بارش کے پانی سے بھرے گڑھوں اور نالوں میں گرنے سے جاں بحق ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : صہیونی حکومت کے صومالی لینڈ تسلیم کرنے پر عرب لیگ اور سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس

بصل کے مطابق 110 سے زائد رہائشی عمارتوں میں خطرناک جزوی دراڑیں پڑ چکی ہیں جو ان میں رہائش پذیر یا آس پاس موجود ہزاروں افراد کی جانوں کے لیے براہ راست خطرہ بن چکی ہیں۔ مزید یہ کہ 90 فیصد سے زائد بے گھر افراد کے خیمے تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کے باعث یا تو الٹ گئے ہیں یا پانی میں ڈوب چکے ہیں، جو انسانی المیے کی سنگینی کو واضح کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں خیموں کے نقصان اور غرق ہونے کے باعث ہزاروں خاندان عارضی پناہ گاہوں سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ کپڑے اور بستر بھی ضائع ہو چکے ہیں، جس سے انسانی مصائب میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اس موسمی بحران کے آغاز سے اب تک امدادی ٹیموں کو 700 سے زائد ہنگامی کالز موصول ہو چکی ہیں، جن میں پانی میں پھنسے افراد کو بچانے، عمارتوں کے انہدام اور وسیع پیمانے پر نقصانات سے نمٹنے کی درخواستیں شامل ہیں۔

غزہ امداد و نجات کے ترجمان نے عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ فوری امدادی کارروائیاں کی جائیں اور بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ اس انسانی بحران کو مزید سنگین ہونے سے روکا جا سکے۔

2:31 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top