ایرانی وزارت خارجہ کی حمص میں مسجد امام علیؑ پر خودکش حملے کی شدید مذمت
شیعیت نیوز: وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے شام کے صوبہ حمص میں نماز جمعہ کے دوران مسجد امام علیؑ میں ہونے والے خودکش حملے کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان نے اس دہشت گردانہ کارروائی میں شہید اور زخمی ہونے والے نمازیوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
اسماعیل بقائی نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام فریقین پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے جنہوں نے غیر قانونی مداخلتوں اور شام کی علاقائی سالمیت پر حملوں کے ذریعے دہشت گردی کو پھلنے پھولنے کا موقع فراہم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس، سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، کالعدم لشکر جھنگوی 6 دہشتگرد ہلاک
انہوں نے مزید کہا کہ شام کے کچھ حصوں پر غیر قانونی قبضہ اور وہاں کی حاکمیت کو نشانہ بنانا ہی انتہا پسندی کے پھیلاؤ کی اصل وجہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اس پست حملے کے اصل محرکین اور منصوبہ سازوں کی شناخت کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے اس حوالے سے شام کی عبوری حکومت کو اس کی ذمہ داریوں کی طرف بھی متوجہ کیا۔







