خانہ فرہنگ ایران حیدرآباد میں یومِ شعر و ادبِ فارسی اور استاد شہریار کی یاد میں تقریب کا انعقاد

21 ستمبر, 2026 16:27

شیعیت نیوز : خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران حیدرآباد، پاکستان میں یومِ شعر و ادبِ فارسی اور استادِ سخن محمد حسین شہریارؔ کی یاد میں ایک باوقار ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ ثقافتی اتاشی اور ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ڈاکٹر سعید ہاشمی کی میزبانی میں منعقدہ اس تقریب میں شہر بھر سے نامور ادبا، دانشوروں، شعراء اور فارسی زبان کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز پاکستان اور ایران کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کے بعد استاد شہریار کی علمی خدمات اور فارسی زبان کی تاریخی اہمیت پر مبنی معلوماتی ویڈیو کلپس پیش کیے گئے۔

محفل کی نظامت اور ترجمے کے فرائض محمد حسن لاشاری نے انجام دیے۔ تقریب سے استادِ زبانِ فارسی سجاد نظامانی، سندھ یونیورسٹی کے عربی و فارسی شعبے کے ڈائریکٹر پروفیسر مفتی صاحبداد سکندری، ڈاکٹر سعید ہاشمی اور ہالا شہر کی مرکزی مسجد کے عالم دین مولانا دوست علی سعیدی نے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں، امام خمینی بین الاقوامی یونیورسٹی قزوین کے ممتاز رکن ڈاکٹر رضا چہرقانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے فارسی زبان کی تاریخ اور عالمی اثرات پر سیر حاصل گفتگو کی اور طلباء کے سوالات کے جوابات دیے۔

یہ بھی پڑھیں : بلتستان کا امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، آغا سید باقر الحسینی

نشست کے ایک اہم مرحلے میں میناب اسکول کے شہید بچوں کی یاد میں لکھی گئی معروف ایرانی کتاب کے سندھی ترجمے "امن و جنگ” کی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔ اس موقع پر مترجم علامہ نبی بخش دانش نے کتاب کے مقدمے، پس منظر اور اس کے انسانی و اخلاقی پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے اس کامیاب اور یادگار ادبی کاوش پر منتظمین کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔

5:03 شام ستمبر 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔