علامہ طالب جوہریؒ کا ایک فکرانگیز واقعہ: ڈاکٹر ایتھیسٹ سے نماز کے اوقات کی حکمت پر گفتگو

26 دسمبر, 2025 15:07

شیعیت نیوز: علامہ طالب جوہریؒ کی زندگی کا ایک فکرانگیز واقعہ غالباً 1990ء کی دہائی کا ہے، جب معروف عالم دین علامہ طالب جوہری علاج کی غرض سے معصومین اسپتال گئے۔ ان کے ہمراہ ایک واقف کار بھی موجود تھے۔

چیک اپ شروع ہونے سے پہلے اس شخص نے تعارف کرواتے ہوئے ڈاکٹر سے کہا:

“ڈاکٹر صاحب! یہ علامہ طالب جوہری ہیں۔”

پھر قدرے بے ساختہ انداز میں یہ بھی کہہ دیا:

“اور علامہ صاحب، یہ ڈاکٹر ایتھیسٹ ہے۔”

علامہ طالب جوہریؒ نے یہ بات سن کر کوئی ردعمل ظاہر نہ کیا، گویا سنی ان سنی کر دی۔

چیک اپ کے دوران ڈاکٹر نے خود گفتگو کا آغاز کیا اور کہا:

“مولانا! ایک بات بتائیے، جب اللہ آپ کی عبادت کا محتاج نہیں تو پھر عبادت کیوں؟

اور اگر عبادت کا حکم دیا ہی ہے تو فجر کی دو رکعت، ظہر کی چار، عصر کی چار، مغرب کی تین اور عشاء کی چار رکعت—

یہ سب ایک ہی وقت میں کیوں نہیں ہو جاتیں؟ اگر سب اکٹھی ادا کر لی جائیں تو کیا فرق پڑتا ہے؟”

علامہ طالب جوہریؒ نے نہایت سکون سے کہا:

“آپ پہلے میرا چیک اپ مکمل کر لیجیے۔”

علامہ کے لہجے اور انداز نے ڈاکٹر کو خاموش کر دیا۔ معائنہ مکمل ہوا تو ڈاکٹر نے کہا:

“فکر کی کوئی بات نہیں، یہ دوا لے لیجیے، ایک ہفتے تک کھانی ہے۔”

علامہؒ نے پوچھا:

“دوا کھانے کا طریقہ بھی بتا دیجیے۔”

ڈاکٹر نے جواب دیا:

“صبح نہار منہ ایک گولی، دن کو کھانے کے بعد ایک گولی، اور رات کو کھانے سے پہلے ایک گولی۔”

یہ سن کر علامہ طالب جوہریؒ مسکرائے اور بولے:

“ڈاکٹر صاحب! اگر میں یہ ساری گولیاں ایک ہی وقت، ایک ہی دن میں کھا لوں تو کیا میں جلدی ٹھیک ہو جاؤں گا؟”

ڈاکٹر فوراً بول اٹھا:

“ارے نہیں! یہ تو سخت نقصان دہ ہو گا۔ فائدہ تب ہی ہوگا جب دوا اسی وقت اور اسی ترتیب سے لی جائے جیسا میں نے بتایا ہے۔”

تب علامہ طالب جوہریؒ نے نہایت پراثر انداز میں فرمایا:

“بس یہی معاملہ نماز کا بھی ہے۔

جس خالق نے جسم کے لیے دوا کی مقدار اور وقت مقرر کیا ہے،

اسی خالق نے روح کی دوا یعنی نماز کے اوقات بھی مقرر کیے ہیں۔

روح کو جس وقت جتنی ‘ڈوز’ کی ضرورت ہوتی ہے، اللہ نے وہی وقت بتایا ہے۔

ایک وقت کی نماز دوسرے وقت کا نعم البدل نہیں بن سکتی۔

نماز وقت کے مطابق ادا کی جائے تو ہی فائدہ دیتی ہے۔”

ڈاکٹر خاموش تھا…

اور دلیل نے اپنا اثر دکھا دیا۔

(واقعہ کے راوی: مولانا محمد رضا داودانی)

2:09 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top