رہبر انقلاب اسلامی کی آیت اللہ العظمیٰ سید محمد ہادی میلانی کانفرنس منتظمین سے ملاقات، مرحوم کو جامع شخصیت قرار دیا
شیعیت نیوز: آیت اللہ العظمیٰ سید محمد ہادی میلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی کانفرنس کے منتظمین نے حسینیہ امام خمینی میں رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اس کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے مرحوم آیت اللہ میلانی کو معنوی، اخلاقی، علمی، سماجی اور سیاسی لحاظ سے ایک جامع شخصیت قرار دیا اور کہا کہ آیت اللہ میلانی نے حقیقی معنی میں مشہد کے حوزہ علمیہ (اعلیٰ دینی تعلیمی مرکز) کو حیات نو عطا کی اور یہ حوزہ مرحوم کا مرہون منت ہے۔
انھوں نے کہا کہ شخصی لحاظ سے آیت اللہ میلانی ایک ممتاز، مؤقر اور متین انسان ہونے کے ساتھ ہی منکسر المزاج، دوستوں سے وفادار، لطیف روح اور شعری ذوق رکھنے والی شخصیت تھے۔
انھوں نے مزید کہا کہ مرحوم میلانی علمی لحاظ سے ایک عظیم عالم دین تھے جنھوں نے مرحوم نائینی اور مرحوم شیخ محمد حسین اصفہانی جیسے اساتذہ سے علم حاصل کیا تھا اور علمی دروس اور بحثوں میں ان کا بیان انتہائی اچھا ہوتا تھا اور انھوں نے بڑے اچھے اور فاضل شاگردوں کی پرورش کی۔
یہ بھی پڑھیں: کرسمَس کا تہوار محبت، امن، رواداری، قربانی اور خدمتِ انسانیت کا عظیم پیغام لیے ہوئے ہے، ایم این اےحمید حسین
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے وقت کے اہم سماجی اور سیاسی واقعات میں آیت اللہ میلانی کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم میلانی سنہ ساٹھ کے عشرے میں طاغوتی حکومت کے خلاف جدوجہد شروع ہونے کے وقت سے ہی اسلامی تحریک کے ارکان میں سے ایک تھے اور واقعات کے متن میں موجود رہتے تھے اور امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی گرفتاری کے بعد کئی علماء کے ساتھ ان کی تہران آمد، سیاسی مسائل میں ان کی مؤثر شرکت کی ایک مثال ہے۔
انھوں نے اسلامی تحریک کی حمایت میں آیت اللہ میلانی کے ٹھوس، مضبوط اور مستحکم بیانوں کو سیاسی مسائل میں مرحوم کی موجودگی کی ایک اور مثال بتایا اور کہا کہ امام خمینی کو ترکی جلاوطن کیے جانے کے بعد ان کی حمایت میں آیت اللہ میلانی کا خط ایک تاریخی دستاویز ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے زور دے کر کہا کہ جدوجہد میں شامل افراد اور مختلف سیاسی دھڑوں کے لوگوں سے آیت اللہ میلانی رابطے میں تھے تاہم وہ ہمیشہ بہت شدت سے اس بات کا لحاظ کرتے تھے کہ انھیں کسی ایک سیاسی دھڑے سے منسوب قرار دیا جائے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے آخر میں امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس، لوگوں کو آیت اللہ میلانی کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرانے کی تمہید بنے گی۔
اس ملاقات کے آغاز میں آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام و المسلمین مروی نے آیت اللہ میلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی کانفرنس کے اہداف، کانفرنس کی علمی کمیٹیوں اور اسی طرح مشہد اور کربلا میں اس کانفرنس کی تمہیدی نشستوں کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی۔







