شیخ احمد علی نوری کا بھارتی وزیر اعلیٰ کے حجاب مخالف بیان پر شدید ردعمل: مسلم خواتین کی تذلیل انتہائی شرمناک
شیعیت نیوز: ممبر گلگت بلتستان کونسل و صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں ایک ریاست کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے مسلم خاتون کے حجاب کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک، قابل نفرت اور مودی سرکار کی مسلم دشمن، فاشسٹ ذہنیت کا کھلا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حجاب مسلم خواتین کی مذہبی شناخت، عزت اور وقار کی علامت ہے، اور اس پر ہاتھ ڈالنا صرف ایک فرد نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے جذبات پر حملے کے مترادف ہے۔
بھارت میں مسلمانوں کو منظم منصوبہ بندی کے تحت دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور خصوصاً مسلم خواتین کو تذلیل، جبر اور نفسیاتی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ سید ساجد علی نقوی کا خاتون جنتؑ کانفرنس سے خطاب: جناب سیدہؑ کی سیرت کو عملی طور پر آگے بڑھانے کی ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کے دعوے دار بھارت میں ایک وزیر اعلیٰ کا اس طرح کا عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاں اقلیتوں کے لیے نہ کوئی آئینی تحفظ باقی رہا ہے اور نہ ہی مذہبی آزادی۔
یہ واقعہ عالمی انسانی حقوق کے تمام دعوؤں پر ایک زوردار طمانچہ ہے۔
اقوام متحدہ، او آئی سی، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا، مذہبی جبر اور مسلم خواتین کے خلاف ہونے والی ریاستی سرپرستی میں بدسلوکی کا فوری نوٹس لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر عالمی برادری نے بھارتی فاشزم کے خلاف اب بھی خاموشی اختیار کیے رکھی تو یہ خاموشی مظلوموں کے خلاف ظلم میں شراکت کے مترادف سمجھی جائے گی۔







