غزہ میں بائرن طوفان کی تباہ کاریاں، بچوں سمیت 14 فلسطینی جاں بحق

13 دسمبر, 2025 15:19

شیعیت نیوز: اطلاعات کے مطابق غزہ میں بائرن طوفان نے تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں کئی بچوں سمیت کم از کم 14 فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں۔

غاصب اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں منہدم عمارتوں کے ملبے، خالی پلاٹوں اور تباہ شدہ محلّوں کے کھنڈرات پر قائم خیموں میں رہنے والے 15 لاکھ بے گھر فلسطینی پہلے ہی سخت حالات اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اب بائرن طوفان نے ان کی مشکلات اور مصائب میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

بے گھر ہونے والے زیادہ تر فلسطینی خاندان پلاسٹک شیٹوں، پھٹی ہوئی ترپالوں اور لکڑی کے ٹکڑوں سے بنے عارضی خیموں میں رہتے ہیں، ایسے خیمے جو معمولی ہوا کا جھونکا بھی برداشت نہیں کر سکتے، اب خوفناک طوفان کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک ایک درجن سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں انسانی المیہ عالمی نظام کی ناکامی کا ثبوت ہے، حماس

شمالی غزہ کے علاقے بیر النعجہ میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والا ایک مکان طوفان کے دوران منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ شہر کے ایک دوسرے علاقے میں ایک دیوار گرنے سے خیموں میں سوئے ہوئے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

المواصی علاقے میں شدید سردی کے باعث ایک نومولود بچہ دم توڑ گیا اور شاطی پناہ گزین کیمپ میں بھی ایک عمارت گرنے سے ایک فلسطینی جاں بحق ہو گیا۔ اسی کیمپ میں ایک کمسن بچہ شدید سردی کے باعث جاں بحق ہوا ہے، جبکہ غزہ شہر کے مغرب میں واقع ایک خیمے میں بھی ایک نو سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

علاقے کے طبی عملے کے مطابق سردی کے باعث بچوں کی اموات میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے۔

ادھر خان یونس میں بارش کا پانی خیمے میں داخل ہونے سے آٹھ ماہ کی ایک بچی جاں بحق ہو گئی، خاندان کے افراد کے مطابق وہ بمباری سے تباہ شدہ، بغیر چھت کے ایک مکان میں پناہ لیے ہوئے تھے۔

حکام کے مطابق غزہ کی زیادہ تر آبادی بے گھر ہو چکی ہے اور سرد موسم میں پناہ گاہوں اور امدادی سامان سے بھی محروم ہے۔

2:34 شام مارچ 9, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top