کشمیر: حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کے موقع پر جامعہ باب العلم بڈگام میں پُر وقار تقریب
شیعیت نیوز: ولادتِ باسعادت خاتونِ جنت سیدۃ نساء العالمین حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے دنیا بھر میں جہاں محافل و مجالس کا سلسلہ جاری ہے، وہیں وادیِ کشمیر میں بھی اس پرمسرت اور بابرکت موقع پر جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں ایک پُر وقار، روحانیت سے لبریز اور عقیدت بھری تقریب منعقد ہوئی۔
اس روحانی محفل میں علمائے کرام نے جناب سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ سیرت، عظیم کردار اور بلند مقام و منزلت کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور آپ کی ذاتِ اقدس کو تمام خواتینِ عالم کے لیے کامل نمونۂ عمل قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی جنرل کا بڑا اعلان: ہم جنگ شروع نہیں کریں گے مگر حملہ آور کو تباہ کر دیں گے
تقریب سے حجۃ الاسلام سید محمد صفوی، حجۃ الاسلام مولوی محبوب الحسن اور حجۃ الاسلام مولوی شیخ غلام احمد نے خطاب کیا۔ علمائے کرام نے اپنے پرمغز خطابات میں کہا کہ جناب سیدہ سلام اللہ علیہا عالمِ بشریت کی برگزیدہ ترین خاتون ہیں جنہیں وہ بلند مقام عطا ہوا جو کسی اور کو نصیب نہیں ہوا۔ خاتونِ جنت کا قول و فعل انسانیت کی حقیقی رہنمائی کا سرچشمہ اور مسلمان خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
علمائے کرام نے زور دے کر کہا کہ جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کی سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہو کر خواتین اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو دین و شریعت کے اصولوں کے مطابق ڈھالیں، جبکہ ملت کے مرد حضرات بھی شریعت کی روشنی میں خواتین کے حقوق کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔
پروگرام میں جامعہ باب العلم کے اساتذہ کرام اور طلباء نے بھرپور شرکت کی اور ولادتِ سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے بابرکت موقع پر شاندار انداز میں اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
علمائے کرام نے اس امر پر بھی زور دیا کہ برگزیدہ دینی شخصیات کا تذکرہ ایمان کے فروغ، روحانی بالیدگی اور دینی بیداری کا لازمی ذریعہ ہے اور ایسے پروگرام ملتِ تشیع میں دینی شعور اجاگر کرنے کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔







