12 روزہ جنگ میں ایران نے امریکہ اور اسرائیل دونوں کو یکجا شکست دی، آیت اللہ خاتمی
شیعیت نیوز: خطیبِ نمازِ جمعہ تہران آیت اللہ سید احمد خاتمی نے جامع خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی غیور اور بہادر قوم نے جون 2025 میں ہونے والی 12 روزہ جنگ میں بیک وقت امریکہ اور صہیونی حکومت دونوں کو ایک ساتھ تاریخی شکست دی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر دشمن نے دوبارہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے اس سے بھی زیادہ سنگین اور شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی بحریہ کمانڈر کا بڑا بیان: ہمارا اسلحہ 100% ملکی ہے، دشمن حملے سے پہلے سو بار سوچے
آیت اللہ خاتمی نے کہا کہ 12 روزہ جنگ کے دوران صہیونی دفاعی نظام کا مکمل طور پر زمین بوس ہو جانا ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔ جرائم پیشہ دشمنوں کو اس جنگ میں مکمل ناکامی ہوئی۔ اگر دشمن نے کوئی نئی غلطی کی تو طاقتور ایرانی مسلح افواج، وفادار ایرانی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر اسے دوبارہ منہ توڑ جواب دیں گی۔
انہوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن یہ جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے کہ ایران نے بعض ثالث ممالک کے ذریعے امریکہ کو کوئی پیغام بھیجا ہے، لیکن دشمن خوب جان لے کہ ایران نے نہ کوئی پیغام بھیجا ہے اور نہ ہی وعدہ خلافی کی عادت رکھنے والے امریکہ سے کسی قسم کے مذاکرات پر آمادہ ہے۔
امام جمعہ تہران نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں امریکہ سے مذاکرات کی بات کرنا یا واشنگٹن کی دباؤ والی پالیسی کے سامنے سر جھکانا سراسر غلامی ہے۔ ایرانی قوم نے گزشتہ 46 سالوں میں بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی دباؤ اور پابندی کے سامنے ہرگز سر نہیں جھکاتی۔







