غزہ مظالم پر اسلامی دنیا کی مجرمانہ خاموشی تاریخ کا ناقابلِ معافی داغ ہے، مفتیِ اعظم عمان
شیعیت نیوز: سلطنت عمان کے مفتیِ اعظم شیخ احمد الخلیلی نے صہیونیوں کی وحشیانہ نسل کشی پر کھل کر آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اب بھی رفح سمیت پورے غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہا رہا ہے اور جنگ بندی کے تمام معاہدے ناکام ہو چکے ہیں۔
شیخ الخلیلی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر جاری بیان میں کہا کہ رفح میں محصور فلسطینیوں پر صہیونی سفاکیت عروج پر ہے، لیکن اسلامی دنیا اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے غزہ کے حوالے سے ہونے والے تمام اجلاسوں میں شریک ممالک سے فوری، مؤثر اور عملی مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظلم پر خاموش رہنا تاریخ کا ناقابلِ معافی داغ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: داعشی تکفیری جولانی کا اسرائیل کے 7 حملوں پر بھی منہ بند، “ایران سے گولی نہ چلے گی” والوں کی حقیقت کھل گئی
عمان کے مفتیِ اعظم نے دنیا کے تمام زندہ ضمیر انسانوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں خصوصاً اہلِ غزہ کی مدد اور جدوجہد کو ہر سطح پر جاری رکھیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر یہ ظلم کب تک جاری رہے گا؟ سات اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اسرائیل امریکہ اور یورپ کی کھلی سرپرستی میں غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے، لیکن عالمی عدالت انصاف کے احکامات تک کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔







