علامہ صفدر حسین نجفیؒ قوم و ملت کے سچے محسن تھے، علامہ ساجد نقوی
شیعیت نیوز: قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے عظیم عالمِ دین، مصنف و مترجم، محسنِ ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی کی ۳۶ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا
انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ معاشی و معاشرتی مسائل، سماجی مشکلات اور نامساعد حالات کے باوجود انتھک محنت، لگن اور جانفشانی سے ملک بھرونِ ملک دینی مراکز، مساجد اور دینیات سنٹرز کے قیام، سماجی و فلاحی خدمات اور دینی مدارس کی تاسیس و تربیت کی بدولت "محسنِ ملت” کا خطاب پانے والی نابغۂ روزگار شخصیت علامہ سید صفدر حسین نجفی کی تھی۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ مرحوم نے عوام میں دینی فکر و شعور اجاگر کرنے کے لیے شب و روز کوششیں کیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے نام اور کام کی بدولت قوم و ملت کے محسن قرار پائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک مایہ ناز علمی خاندانی پس منظر کی حامل یہ شخصیت ملی امور کے حوالے سے ہمیشہ متفکر رہی اور ہر دور میں ملی قیادت کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے ملت کی عظیم خدمت کا فریضہ انجام دیا اور ملی پلیٹ فارم کی افادیت و اہمیت سے عوام الناس کو روشناس کرانے کی جدوجہد میں پیش پیش رہی۔
یہ بھی پڑھیں: جامعہ المصطفیٰ کراچی کے استاد حجت الاسلام شیخ امتیاز حسین کمیلی انتقال کر گئے
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ تصنیف و تالیف کے میدان میں بھی علامہ سید صفدر حسین نجفی نے کارہائے نمایاں انجام دیے اور تفسیر نمونہ کا اردو ترجمہ سمیت متعدد علمی و قلمی آثار چھوڑے جو آج بھی ہر دور کے طلبہ و محققین کے لیے قابلِ استفادہ ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند کرے۔ آمین







