ولایت کے دفاع میں حضرت زہراؑ کی استقامت امت کے لیے نمونہ ہے، حجت الاسلام علی اکبر رستمی
شیعت نیوز: علومِ اسلامی رضوی یونیورسٹی کی علمی کمیٹی کے رکن حجت الاسلام والمسلمین علی اکبر رستمی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاطمی مکتب سخت سے سخت حالات میں بھی ناامیدی کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی جامع شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فاطمی منطق مؤمن کو مشکل ترین حالات میں بھی مایوسی سے روکتی ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد سخت ترین حالات میں بھی سیدۂ کائنات نے ولایت کے دفاع میں ثابت قدم رہتے ہوئے مسجد میں اپنا تاریخی اور طوفانی خطبہ ارشاد فرمایا۔
یہ بھی پڑھیں : جناب سیدہ کا سیاسی و سماجی کردار امت کے لیے مشعلِ راہ ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگی میں سیدۂ دو جہان کی سیرت کو نمونہ بنانا چاہیے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے بارے میں جو تعبیریں اور خصوصیات بیان فرمائیں وہ نہایت استثنائی ہیں۔ ان کے اپنی بیٹی کے ساتھ بے مثال سلوک میں ایسے راز چھپے ہیں جن کی صرف جھلک ہی انسان سمجھ سکتا ہے۔
حجت الاسلام رستمی نے دینی طلاب کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ معصومین علیہم السلام کی شخصیت اور سیرت بیان کرتے وقت ہمہ جہتی نظر ضروری ہے۔ صرف ایک پہلو کو نمایاں کر کے دیگر پہلوؤں کو نظر انداز کرنا درست نہیں۔







