12 روزہ جنگ: جنرل پاکپور کا بسیج فورس کے کردار کو شاندار خراجِ تحسین
شیعت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد پاکپور نے صہیونی حکومت کے خلاف 12 روزہ جنگ کے دوران عوامی رضاکار فورس بسیج کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تہران میں بسیج کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جنرل پاکپور نے اس جنگ میں شہید ہونے والوں کو عظیم شہداء قرار دیا جو ملک کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے دفاعِ مقدس (1980–1988) اور حالیہ 12 روزہ جنگ کے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب، زلزلہ، دشمن کی جارحیت یا کسی بھی بڑے بحران میں بسیج ہمیشہ سب سے پہلے میدان میں نظر آتا ہے۔ 12 روزہ جنگ نے یہ ثابت کیا کہ بسیج ایک باشعور اور رضاکار عوامی تحریک کی بہترین مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران پاکستان کو خطے میں امن کے لیے بلینک چیک دینے پر تیار ہے، علی لاریجانی
جنرل پاکپور نے کہا کہ جنگ کے دوران عوام نے بھی بسیج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ملک میں امن و سکیورٹی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ رواں سال 13 جون کو اسرائیل نے اس وقت ایران پر بلااشتعال حملہ کیا جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان جوہری مذاکرات جاری تھے۔ اس جارحیت کے نتیجے میں 12 روزہ جنگ چھڑ گئی، جس میں کم از کم 1,064 افراد شہید ہوئے۔
جنگ کے دوران امریکہ نے بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر بمباری کی۔ ایران نے اس کے جواب میں مقبوضہ علاقوں اور قطر میں امریکی فوجی اڈے العدید سمیت کئی اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا۔
آخرکار 24 جون کو ایران کی کامیاب جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں امریکی اور اسرائیلی حملے رک گئے۔







