پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر حملہ منظم دہشت گرد منصوبہ بندی کا حصہ ہے: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعت نیوز : چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں دہشت گردی کے واقعات میں خطرناک اضافہ انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وانا، اسلام آباد اور اب پشاور کے سانحات کسی صورت اتفاقی نہیں، بلکہ دشمن قوتوں کی منظم مہم کا حصہ ہیں جو ہماری قومی کمزوریوں سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کے سینئر کمانڈر ہيثم علی طباطبائی کی شہادت کی تصدیق
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قوم ریاستی اداروں سے شفافیت، بہتر انٹیلیجنس شیئرنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی توقع رکھتی ہے۔ دہشت گردوں کے سہولت کار، مالی مددگار اور معاون گروہ ملک کے امن و استحکام کے سب سے بڑے دشمن ہیں، ان کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔







