علامہ اشفاق وحیدی کی وزیر مذہبی امور سردار یوسف سے اہم ملاقات، فرقہ واریت کے خلاف مشترکہ آواز اور امنِ عالم کے فروغ پر زور
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے وزیر مذہبی امور جناب سردار محمد یوسف سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملکی سالمیت، قومی وحدت اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ سید ساجد نقوی کا فیصل آباد کیمیکل فیکٹری حادثے پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار
علامہ اشفاق وحیدی نے پاکستان اور آسٹریلیا میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنی مسلسل فعالیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء کو عالمی سطح پر فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر آواز بلند کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری عناصر نے ہمیشہ وطنِ عزیز میں مذہبی منافرت اور دہشت گردی کو ہوا دی، جس نے ملک کی بنیادوں کو کمزور کیا۔
شیعہ علماء کونسل کے رہنما نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ عالمِ اسلام کی حقیقی تصویر امتِ واحدہ کو عالمی سطح پر مثبت انداز میں پیش کرنے کے لیے حکومتی سطح پر سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔
وزیر مذہبی امور جناب سردار یوسف نے علامہ اشفاق وحیدی کی اتحاد و وحدت، بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء کو نفرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف ایک پرچم تلے متحد ہونا چاہیے تاکہ دنیا میں امن کے پیغام کو عام کرنے میں مدد مل سکے۔







