فتح ہمیشہ حق ہی کی ہوئی، کیونکہ باطل کی قسمت میں ذلت، رسوائی اور شکست ہی لکھی گئی ہے، علامہ مقصود ڈومکی

17 نومبر, 2025 06:45

شیعیت نیوز:  امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع جیکب آباد کے سالانہ تنظیمی کنونشن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ  کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ تاریخِ انسانیت کے ہر دور میں حق و باطل کے درمیان جنگ جاری رہی ہے۔ حضرت آدمؑ کے مقابلے میں ابلیس، حضرت ہابیلؑ کے مقابلے میں قابیل، حضرت ابراہیمؑ کے مقابلے میں نمرود، حضرت موسیؑ کے مقابلے میں فرعون اور امام حسینؑ کے مقابلے میں یزید باطل کا پرچم اٹھا کر میدان میں آئے، لیکن فتح ہمیشہ حق ہی کی ہوئی، کیونکہ باطل کی قسمت میں ذلت، رسوائی اور شکست ہی لکھی گئی ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عصرِ حاضر میں حضرت امام خمینیؒ حق و صداقت کا پیغام لے کر میدانِ عمل میں آئے اور وقت کی ظالم و جابر قوتوں کو للکارا۔ انہوں نے شیطانِ بزرگ امریکہ کے مکروہ کردار کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا اور اسے تاریخی ذلت سے دوچار کیا۔ امام خمینیؒ نے امتِ مسلمہ اور اہلِ حق کو بیدار اور متحد کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج مزاحمتی محور یا مقاومتی بلاک عالمی قوت بن کر ظالم طاقتوں کے سامنے سینہ سپر ہے۔ اسرائیل کی عبرت ناک شکست کے بعد امریکہ اور اس کے اتحادی شدید اضطراب اور پریشانی کا شکار ہیں۔ پاکستان کے جعلی حکمرانوں کو امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے اس لئے یہ امریکی غلامی کی ہر حد کراس کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مجلس وحدت المسلمین گلگت بلتستان نے الیکشن کے لیے مکمل تیاری کا اعلان

علامہ ڈومکی نے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان محبِ وطن، صالح اور انقلابی نوجوانوں کی جماعت ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ آئی ایس او میں شامل ہو کر اس الہی اور انقلابی تحریک کا حصہ بنیں، کیونکہ نوجوان ہی کسی بھی قوم کا اصل مستقبل ہوتے ہیں۔

آئی ایس او ضلعی کنونشن سے مجلس وحدت مسلمین سندھ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن مولانا منور حسین سولنگی، ایم ڈبلیو ایم یوتھ ونگ لاڑکانہ ڈویژن کے صدر برادر اللہ بخش میرالی اور نو منتخب ضلعی صدر آئی ایس او اظہار الحسن نے بھی خطاب کیا۔

6:43 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔