رسول اللہ اور حضرت خدیجہ کی قربانی نے اسلام کو دنیا میں پھیلایا، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کردار اور حضرت خدیجہ الکبریٰ کی ایثار اور قربانی کی وجہ سے اسلام دنیا پر پھیلا۔
جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون لاہور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ نے اسلام کی تبلیغ کا کام زیرو سے شروع کیا، اور آج الحمدللہ 140 کروڑ مسلمان دنیا میں موجود ہیں۔ کفار اور مشرکین کے معاشرے میں اسلام آسانی سے نہیں پھیلا بلکہ پیغمبر اکرم کو بڑی اذیتیں دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے 23 سال میں پورے جزیرة العرب پر حکومت قائم کی اور سب سے زیادہ اثر آپ کے کردار کا ہے۔ آپ کا کردار اتنا بلند ہے کہ آج تک کوئی اس پر انگلی نہیں اٹھا سکا اور اسی کردار نے عظمت اسلام میں اضافہ کیا۔
حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ صحابی رسول مصب بن عمیر رضی اللہ عنہہ پہلے صحابی رسول ہیں جنہیں پاک پیغمبر نے ہجرت سے پہلے مدینہ منورہ میں بطور مبلغ بھیجا۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ پر بین الاقوامی فورس کی آڑ میں نیا منصوبہ؟ فلسطینی گروہوں کا سخت انتباہ
انہوں نے کہا پیغمبر کے کردار کے بعد، دوسری چیز جو اسلام کی عظمت میں اضافے کا باعث بنی، وہ مالی ایثار ہے۔ مالی ایثار میں سب سے زیادہ کردار آپ کی زوجہ محترمہ حضرت خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو نصیحت کی کہ اچھا کردار اپنائیں اور مالی ایثار کریں کیونکہ مال تو آنی جانی چیز ہے۔
تیسری چیز جس نے عظمت اسلام میں اضافہ کیا، وہ عزم صمیم ہے۔ ہمیں اپنے مشن کے ساتھ خلوص اور پختہ ارادے کے ساتھ رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سرور کائنات شجاعت واستقامت میں استعارہ تھے، اور امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں کہ ہم جب بھی جنگ میں مشکل میں پڑتے تو رسول اللہ ہمارا سہارا بنتے۔
حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ اسلام صلح، سلامتی اور امن کا دین ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تبلیغ آسان نہیں، اور مبلغین کے لیے صبر و تحمل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدق و صداقت مبلغ کے لیے بہت ضروری ہے، اور ذاکرین کو چاہیے کہ وہ صرف قرآن، حدیث اور عقل کے مطابق چیزیں پڑھیں، تاکہ اسلام اور مکتب اہل بیتؑ کی بدنامی نہ ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلمانوں کو ایسا کردار اور رویہ اپنانا چاہیے جس سے ظاہر ہو کہ ہم رسول اللہ کے غلام ہیں۔







