ایران اور عراق کا مستقبل روشن ہے، مشیر رہبر معظم انقلاب
شیعیت نیوز: رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہای کے مشیر برائے بینالاقوامی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے عراق میں کامیاب پارلیمانی انتخابات کے انعقاد پر عراقی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کامیابی نے نہ صرف عراق کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی ہے بلکہ خطے میں استحکام اور خودمختاری کا نیا پیغام بھی دیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا:
’’میں شجاع اور بیدار عراقی قوم کو ان کے عظیم اور بے مثال کارنامے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے ملک کی تقدیر کے تعین میں تاریخی کردار ادا کیا۔‘‘
ولایتی نے کہا کہ عراق پانچ ہزار سالہ تاریخ رکھنے والا ایک اہم عرب و اسلامی ملک ہے، جس نے انسانی تہذیب کی بنیادوں کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا۔ یہی مقدس سرزمین سومری تہذیب کا مرکز رہی ہے اور اسلامی تاریخ کے آغاز سے آج تک اہل عراق نے اہل بیت علیہم السلام کی محبت و پیروی میں بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران پر گروپ 7 کے الزامات بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہیں، ایرانی وزارتِ خارجہ
انہوں نے مزید کہا کہ مقدس مقامات کی موجودگی عراق کے ایمان اور اتحاد کی علامت ہے، اور شیعہ، سنی اور کرد عوام اہل بیتؑ کی حرمت کے دفاع میں متحد و یکجا کھڑے ہیں۔
ولایتی کے مطابق حالیہ پرجوش اور پُرامن انتخابات عراقی قوم کی سیاسی و سماجی پختگی کی روشن دلیل ہیں، اور یہ ایسا تاریخی لمحہ ہے جو خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی ایک کامیاب نمونہ بن سکتا ہے۔ ان انتخابات نے دشمنوں پر واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی طاقت کو عراقی عوام کی تقدیر میں مداخلت کا حق نہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق کے تعلقات گہرے تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور تہذیبی رشتوں پر استوار ہیں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کا مستقبل انتہائی روشن اور امید افزا ہے۔







