آئین پر جو حملہ ہونے جا رہا ہے، پاکستان کے عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے خلاف کھڑے ہوں، سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس

09 نومبر, 2025 21:10

شیعیت نیوز : چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ستائیسویں آئینی ترامیم کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف تحریک کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ آئین پر جو حملہ ہونے جا رہا ہے، پاکستان کے عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے خلاف کھڑے ہوں، ورنہ پاکستان کو اکھٹا رکھنے والا کوئی بچے گا ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین پر پہلا حملہ 8 فروری 2024ء کو ہوا تھا، ان کی سابقہ تاریخ دیکھ لیں: ایوب خان نے مارشل لا لگایا، ضیاء الحق نے مارشل لا لگایا، یحییٰ خان نے ملک توڑنے میں باقاعدہ کردار ادا کیا۔ جب ان پر قانون کا نفاذ نہ ہو تو وہ فرعون بن جاتے ہیں اور ہر سر اٹھانے والے کا سر کچلتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ سمجھتے ہیں یہ طاقت انہیں تحفظ دے گی؟ ان کے غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات کے خلاف جب عوام اپنا بنیادی حق استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاج کرتے ہیں تو ان کا ردعمل گولیاں، توپ اور فورس ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آئین کو متنازعہ بنانا دراصل اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جمہوری اساس پر حملہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی

انہوں نے کہا ان ترامیم کی شکل میں یہ ٹولہ خدائی دعوے کی طرف بڑھ رہا ہے، مگر خدا کی ذات عادل ہے اور وہ کسی پر ظلم نہیں کرتا، یہ ترامیم ان کے لیے مکڑی کا جالا ثابت ہوں گی، انہوں نے آرٹیکل 243 میں مجوزہ تبدیلیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس میں جوائنٹ چیف آف اسٹاف کا عہدہ ختم کیا جا رہا ہے اور آرمی چیف کو تمام فورسز کا کمانڈر بنایا جا رہا ہے۔ 2019ء میں جب بھارت نے حملہ کیا تو اس وقت کے آرمی چیف نے صبر کا مشورہ دیا جبکہ ایئرفورس کے چیف نے جارحیت کا جواب دینا لازم سمجھا نتیجہ یہ ہوا کہ ایئرفورس نے جواب دیا۔ اب تمام طاقت ایک ہی مقام پر مرکوز کی جا رہی ہے۔ 27ویں ترمیم میں تاِحیات استثنیٰ دینے کے اقدامات سول بالادستی کو روندنے کے مترادف ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی بھی طاقتور شخص کو ملکی عہدوں اور اداروں پر طویل مدت تک برجمان نہیں رہنے دیا جانا چاہیے اور ظلم و زیادتی کرنے والے کو جوابدہ بنائے بغیر اس کو تاحیات تحفظ دینا آئین اور عوام دونوں کے خلاف ہے۔

 

6:57 صبح مارچ 8, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top