ایران و پاکستان کے وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ: دوطرفہ تعلقات اور خطے میں امن پر تبادلہ خیال
شیعیت نیوز: ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران ایران اور پاکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل مکالمے کی ضرورت ہے۔ ایران خطے کے مؤثر ممالک کی مدد سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کا بیان اعتراف جرم ہے، امریکہ کو ایران پر جارحیت کی قیمت چکانی ہوگی، قالیباف
اس موقع پر اسحاق ڈار نے افغانستان کے ساتھ حالیہ مذاکرات اور ان کے نتائج سے ایرانی ہم منصب کو آگاہ کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے باہمی مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔







