اسلام آباد،اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقرقالیباف کا تقریب سے خطاب: سربراہ ایم ڈبلیوایم سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس ودیگر کی شرکت

07 نومبر, 2025 18:17

شیعیت نیوز: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے صہیونی حکومت اور امریکہ کے خلاف مسلمانوں کے اتحاد اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستانی دانشوروں اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی نجات صرف اتحاد اور مزاحمت میں ہے۔

اس موقع پر سربراہ شیعہ علماء کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی, سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری, سابق وزیر خارجہ مشاہد حسین سید اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

باقر قالیباف نے کہا کہ وحدت ہی وہ رمز ہے جو صہیونی حکومت کے خاتمے اور استکبارِ عالم کے مقابلے میں کامیابی کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگِ 12 روزہ کے دوران پاکستان کی جانب سے ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی نے ثابت کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اخوت اور حق طلبی پر مبنی ہیں۔

قالیباف کے مطابق اسرائیلی جارحیت امریکی حمایت سے ہوئی، لیکن ایران نے 16 گھنٹوں کے اندر بھرپور جواب دیا اور چوتھے روز طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے دشمن کو حیران کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل امریکی حمایت کے بغیر ہوتا تو ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں شکست کھا جاتا۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا آپریشن، کالعدم لشکر جھنگوی کے 7 دہشتگرد ہلاک

ایرانی اسپیکر نے کہا کہ 7 اکتوبر کی کارروائی نے صہیونی حکومت کے دفاعی نظام کو چیلنج کر دیا۔ غزہ کے عوام، جو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں محصور ہیں، اپنی مزاحمت کے ذریعے اسرائیل کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے سائنس، ٹیکنالوجی، نینو، ایروسپیس اور طب کے شعبوں میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے اور ہتھیاروں کی بجائے علم و دانش کو اپنی اصل طاقت بنایا ہے۔

قالیباف نے زور دیا کہ اسلامی ممالک کو متحد ہو کر صہیونی حکومت اور اس کے حامی امریکہ کے خلاف صف آراء ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ متحد ہوجائے تو کوئی طاقت اسلامی سرزمین پر نظر ڈالنے کی جرات نہیں کرے گی، اور یہی اتحاد دنیا میں نئے نظم اور حقیقی امن کا راستہ ہے۔

6:25 صبح مارچ 8, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top