بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا آپریشن، کالعدم لشکر جھنگوی کے 7 دہشتگرد ہلاک
شیعیت نیوز: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم لشکر جھنگوی کے 7 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار شہید اور سات زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق، ڈی پی او بنوں سلیم کلاچی نے بتایا کہ تھانہ کینٹ ممند خیل کے علاقے میں بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکار سرچ آپریشن میں مصروف تھے کہ اچانک دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم دہشت گرد تنظیموں کو سرگرمیوں کی اجازت دینا سندھ کے امن و امان کیلئے سنگین خطرہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی
جوابی کارروائی میں سات دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک پولیس اہلکار عابد خان شہید اور سات دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے دوران چار شہری بھی زخمی ہوگئے۔
شہید اہلکار عابد خان کی نمازِ جنازہ پولیس لائن بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں پاک فوج، پولیس افسران، شہید کے ورثا اور دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔
ڈی پی او سلیم کلاچی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف بنوں میں آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے اور علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔







