استنبول میں غزہ امن منصوبے پر مشاورتی اجلاس آج ہوگا، پاکستان سمیت 8 ممالک کی شرکت
شیعیت نیوز: ترکیہ کے دارالحکومت استنبول میں آج غزہ امن منصوبے پر مشاورتی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان سمیت 8 ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔
پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔ اجلاس میں سعودی عرب، قطر، امارات، انڈونیشیا، اردن اور مصر کے وزرائے خارجہ بھی شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مجلس وحدت مسلمین کا سوڈان میں مظلوم عوام پر ہونے والے لرزہ خیز مظالم پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار
واضح رہے کہ یہ اجلاس غزہ میں جنگ بندی پر عملدرآمد اور انسانی امداد کی فراہمی کے حوالے سے مشترکہ حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں غزہ میں امدادی سامان کی فراہمی میں رکاوٹوں اور اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد کے وعدے پورے نہ کرنے کے معاملے پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔
پاکستانی ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق، پاکستان اور 7 عرب و اسلامی ممالک غزہ امن معاہدے کی کوششوں میں شامل رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد، اسرائیلی انخلاء، اور فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دے گا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، پاکستان کا مؤقف ہے کہ فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس الشریف ہونا چاہیے، جبکہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، عزت و انصاف کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔
یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔
گزشتہ ماہ کے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اب تک 236 فلسطینی شہید جبکہ 600 زخمی ہو چکے ہیں۔







