مجلس وحدت مسلمین کا سوڈان میں مظلوم عوام پر ہونے والے لرزہ خیز مظالم پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار

03 نومبر, 2025 12:03

شیعیت نیوز: مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سوڈان میں جاری خانہ جنگی، انسانی المیے اور مظلوم عوام پر ہونے والے لرزہ خیز مظالم پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتی ہے۔ گزشتہ دو برس سے سوڈان کے مختلف شہروں خصوصاً دارفور اور الفاشر میں فوجی گروہوں کے مابین جاری خونریز جھڑپوں نے پورے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

‏ہزاروں معصوم شہری، خواتین اور بچے قتل و دربدری کا شکار ہیں۔ لاکھوں افراد بھوک، پیاس اور علاج کی سہولیات کے بغیر کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اسپتال، عبادت گاہیں اور رہائشی علاقے نشانہ بنائے جا رہے ہیں۔ یہ صورتحال واضح طور پر انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور اسلامی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کالعدم سپاہِ صحابہ میں دراڑیں: لدھیانوی اور معاویہ اعظم گروپوں کے درمیان کشیدگی عروج پر

‏مجلس وحدت مسلمین عالمی اداروں، بالخصوص اقوام متحدہ، او آئی سی، افریقی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالیں اور انسانی بنیادوں پر امدادی راہیں کھولیں،بے گناہ شہریوں کے قتلِ عام اور جنگی جرائم کی شفاف تحقیقات کی جائیں،متاثرہ علاقوں میں اقوامِ متحدہ کی زیر نگرانی امن مشن تعینات کیا جائے تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے،عالمی ضمیر کو بیدار کیا جائے تاکہ دنیا سوڈان کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی ہو، نہ کہ خاموش تماشائی بنے۔

‏مجلس وحدت مسلمین اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں ظلم و جارحیت کے خلاف آواز اٹھانا ایمان کا تقاضا ہے۔ سوڈان کے مظلوم عوام آج امتِ مسلمہ کی اجتماعی حمایت کے منتظر ہیں۔ ہم ہر سطح پر ان کی آواز بننے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد و یکجہتی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

‏ہم سوڈان کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔ان شاء الله، ظلم کے ایوان ایک روز ضرور لرزیں گے، اور عدل و انصاف کی صبح طلوع ہوگی۔

 

9:42 شام مارچ 9, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top