ایٹمی تنصیبات کی تباہی ایران کے عزم کو نہیں روک سکتی، ایرانی صدر

02 نومبر, 2025 16:19

شیعیت نیوز : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایٹمی تنصیبات کو تباہ کرنے سے ایران کے عزم کو روکا نہیں جاسکتا، بلکہ ملک پرامن ایٹمی تنصیبات کو پہلے سے زیادہ طاقت اور عزم کے ساتھ دوبارہ تعمیر کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی ایٹمی توانائی ادارے کے دورے کے موقع پر صدر پزشکیان نے 12 روزہ مسلط جنگ کے شہداء اور ایٹمی سائنسدانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ایٹمی ماہرین کی کوششیں دراصل ایک سائنسی جہاد اور قوم کی خدمت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات کی پالتو دہشتگرد ریپڈ سپورٹ فورسز کا الفاشر پر حملہ: 2 دنوں میں 300 خواتین قتل

انہوں نے تاکید کی کہ ریڈیو فارماسیوٹیکلز کی پیداوار اور جدید طبی ٹیکنالوجیز کی ترقی قومی ضرورت ہے جسے زیادہ تیزی اور عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ ایران ریڈیو فارماسیوٹیکل پیداوار میں ایک مضبوط مقام رکھتا ہے اور عالمی طبی منڈی میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

صدر نے کہا کہ ہمارے ملک کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانا اور عالمی مقابلے میں شامل ہونا ناگزیر ہے۔ متکبر طاقتیں آزاد ممالک کو ان ٹیکنالوجیز تک رسائی سے محروم رکھنا چاہتی ہیں تاکہ وہ صرف پرزہ جات کی صنعتوں پر انحصار کریں، جبکہ وہی طاقتیں دوائیں مہنگے داموں فروخت کرتی ہیں۔

صدر نے ایک اسٹریٹجک منصوبہ بنانے پر زور دیا تاکہ ایران کا عالمی ریڈیو فارماسیوٹیکل مارکیٹ میں حصہ بڑھایا جاسکے۔ اگرچہ ملکی ضروریات پوری کرنا اولین ترجیح ہے، لیکن برآمدات اور پیشہ ورانہ مارکیٹنگ کو بھی فروغ دینا ہوگا۔ ہمارا مصنوعات کا معیار، تاثیر اور کم قیمت ایران کو اس میدان میں قائد بنا دے گی۔

صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ ایرانی سائنسدانوں کے خلاف دشمنی اور ان کی ٹارگٹ کلنگ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بڑی طاقتیں ایران کی سائنسی و تکنیکی خودمختاری سے خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے اور عالمی طاقتیں اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں۔ یہ طاقتیں ایران کی ترقی کو روکنے کے لیے اس جھوٹے دعوے کو بہانہ بناتی ہیں لیکن ایران کو ترقی سے روکنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

2:36 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top