تبلیغ دین کو زندگی کا مقصد بنائیں، مؤثر مبلغ علم و استقامت کا پیکر ہوتا ہے، شیخ ابراہیم زکزاکی

31 اکتوبر, 2025 10:35

شیعیت نیوز: ایران، عراق اور لبنان کے حوزہ ہائے علمیہ میں زیر تعلیم افریقی طلاب و طالبات کے ایک وفد نے نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں اسلامی تحریک نائجیریا کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزاکی سے ملاقات اور گفتگو کی۔

تفصیلات کے مطابق، مختلف افریقی ممالک بالخصوص نائجیریا، نائجر، مالی اور برکینا فاسو سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے شیخ زکزاکی کی اقامت گاہ پر ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر شیخ زکزاکی نے تبلیغ دین کی عالمی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “تبلیغ اور دعوت الی الحق کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں اور علمی ترقی کے ذریعے خود کو مضبوط بنائیں۔”

انہوں نے کہا کہ صرف موعظہ کافی نہیں بلکہ موثر تبلیغ کے لیے مضبوط علمی بنیاد ضروری ہے۔ ان کے بقول، “افریقہ کے کئی ممالک میں واعظین تو ہیں مگر ان کی بات تب اثر ڈالتی ہے جب وہ علم و استناد کے ساتھ گفتگو کریں۔

یہ بھی پڑھیں : گھر میں خواتین کی فداکاری و خدمت، مردوں کے جہاد کے برابر ہے، آیت اللہ علم الہدی

شیخ زکزاکی نے کہا کہ حقیقی مبلغ وہی ہے جو مطالعہ اور علم حاصل کرنے کو قربانی سمجھے، کیونکہ “علم کے حصول میں وقت اور توانائی صرف کرنا فداکاری کی ایک شکل ہے، اور مبلغ کو پروانے کی طرح علم کی شمع پر جلنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔”

انہوں نے ظلم و بدعت کے خلاف ثابت قدمی اور حسینی راہ پر چلنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ “آج بعض حکومتیں مسلمانوں کے دشمنوں سے تعلقات کو معمول بنانا چاہتی ہیں، مگر ہمیں اس راہ پر رہنا ہے جس میں ذلت قبول نہیں اور ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا جاتا۔”

آخر میں، شیخ زکزاکی نے مختلف ممالک کے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغ دین کو مقامی زبانوں اور لہجوں میں عام کرنا وقت کی ضرورت ہے، اور امید ظاہر کی کہ “جلد ہر افریقی بستی میں حق و ہدایت کی آواز بلند کرنے والا ایک مبلغ موجود ہوگا۔”

10:41 شام اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔