گھر میں خواتین کی فداکاری و خدمت، مردوں کے جہاد کے برابر ہے، آیت اللہ علم الہدی
شیعیت نیوز: ایران کے صوبہ خراسان رضوی میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید احمد علم الہدی نے اپنے دفتر میں سمنان کے ائمہ جمعہ کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ ہماری عزت اور سرفرازی امام زمانہ علیہ السلام کی خدمت سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو افراد دین کی خدمت کی توفیق رکھتے ہیں، ان کی کامیابیوں میں ان کی زوجات کے صبر اور تعاون کا بنیادی کردار ہے۔ اگر خواتین کی حمایت نہ ہو تو مرد دین کی خدمت میں استقامت نہیں دکھا سکتے۔
آیت اللہ علم الہدی نے حدیثِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم «جِهَادُ الْمَرْأَةِ حُسْنُ التَّبَعُّل» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عورت کا جہاد یہ ہے کہ وہ گھر اور خاندان کی ذمہ داریوں کو حسنِ اخلاق، صبر اور خلوص کے ساتھ نبھائے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، جیش العدل کا سیل تباہ
انہوں نے روایت اسماء بنت عمیس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ خدا ﷺ نے فرمایا: “عورتوں کا صبر و خدمت، مجاہدین کے جہاد کے برابر ہے۔”
آیت اللہ علم الہدی نے کہا کہ جو خواتین مشکلات، سماجی دباؤ اور خانگی ذمہ داریوں کو صبر و وقار کے ساتھ نبھاتی ہیں، یتیم بچوں کی پرورش کرتی ہیں اور گھر کے محاذ کو مضبوط رکھتی ہیں، وہ سب اعلیٰ ترین درجات کے جہاد میں شریک ہیں، اور آخرت میں ان کا اجر و مقام بےمثال ہے۔







