تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا 14 نومبر کو حیدرآباد میں جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان
شیعیت نیوز: تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان سندھ کی جانب سے 14 نومبر کو حیدرآباد میں جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ کراچی میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی میزبانی میں منعقدہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان، صوبہ سندھ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ، سابق گورنر سندھ محمد زبیر، پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، مجلسِ وحدتِ مسلمین کے رہنما مولانا حیات عباس، مولانا صادق جعفری، مبشر حسن، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سرباز عبدالرب درانی، جے یو آئی (شیرانی) کے حافظ حماد مدنی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایم ڈبلیو ایم کراچی وفد کی علامہ شہنشاہ حسین نقوی سے ملاقات، صدر منتخب ہونے پر مبارکباد اور تحائف پیش
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک اس وقت سیاسی بحران اور بدانتظامی کی لپیٹ میں ہے۔ آئین پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، ظلم، لاقانونیت اور بدانتظامی کے ذریعے حکمرانی کی جا رہی ہے، اور اس صورتحال کے پیش نظر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ آئین و قانون کی حکمرانی کے نفاذ اور عوام کی خوشحالی کے لیے ملک گیر عوامی رابطہ مہم شروع کی جا رہی ہے، جس کا پہلا جلسہ 14 نومبر کو حیدرآباد میں ہوگا، جس میں تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی مرکزی قیادت شرکت کرے گی۔







