مجلس وحدت مسلمین نومبر سے ملک گیر احتجاج شروع کرے گی، علامہ ولایت حسین جعفری
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری نے اعلان کیا ہے کہ نومبر سے ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت چوری کے مینڈیٹ پر قائم ہے، اور ہم ظلم کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں تحریک تحفظِ آئین پاکستان کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی مینڈیٹ چرایا ہے اور ان کی حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ عمران خان سے ان کی پارٹی کے رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو کہ جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی جعفریہ الائنس پاکستان کے نئے صدر منتخب
انہوں نے اعلان کیا کہ تحریک تحفظِ آئین پاکستان کی جانب سے نومبر کے مہینے میں صرف بلوچستان ہی نہیں بلکہ ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا کہ ہم سب اللہ تعالیٰ کو جوابدہ ہیں، ظلم کے کسی بھی درجے پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ جب ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ احتجاج کے دوران اسلام آباد گئی تھیں، تو ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری نے ان سے ملاقات کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق نہیں دیئے جا رہے، اور یہ محرومی اب ختم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے ناانصافیوں کا شکار ہیں، جنہیں اب مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
علامہ ولایت حسین جعفری نے پاکستان تحریک انصاف کے کوئٹہ جلسے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ نومبر میں احتجاج کے لیے تیار رہیں۔







