جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں علماء و مشائخِ اسلام کانفرنس: اتحادِ امت اور وحدتِ مسلمہ کا عزم

25 اکتوبر, 2025 15:55

شیعیت نیوز: جامعۃ الکوثر اسلام آباد کی جانب سے ایک عظیم الشان “علماء و مشائخِ اسلام کانفرنس” منعقد ہوئی، جس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام، مشائخِ عظام اور ممتاز مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر حرمِ مطہرِ امام حسین علیہ السلام سے تشریف لائے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت حجۃ الاسلام علامہ علی القرعاوی نے کی۔ کانفرنس کے اختتامی خطاب میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے اتحادِ امت، قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں: دینی مدارس ملت کے فکری و روحانی مستقبل کے ضامن ہیں: علامہ علی اکبر کاظمی

تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان عالمِ اسلام کی امیدوں کا مرکز ہے اور اس کی بقا و ترقی اتحادِ بین المسلمین میں مضمر ہے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور رحمۃ اللعالمین اتھارٹی کے ممبر علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ جامعۃ الکوثر میں تمام مسالک کے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام کی موجودگی نے وحدتِ امت کا خوبصورت پیغام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز کے استحکام و سالمیت اور مسلمانوں کے اتحاد کے لیے اس طرح کے پروگرام کسی نعمت سے کم نہیں۔

علمائے کرام نے کہا کہ قرآنِ مجید امت کو ایک واحد امت قرار دیتا ہے، اسلام کا پیغام توحید و وحدت ہے۔ پاکستان ایک اسلامی اور ایٹمی طاقت ہے، جس پر پورا عالمِ اسلام فخر کرتا ہے، مگر فرقہ وارانہ عناصر نے ماضی میں اس کے استحکام کو نقصان پہنچایا۔

مقررین کے مطابق ملک کے تمام مکاتبِ فکر کے علماء نے ہمیشہ اتحاد و وحدت کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دیوبندی، شیعہ، بریلوی، اہلِ حدیث اور جماعتِ اسلامی کے رہنماؤں نے مشترکہ کاوشوں سے امن و وحدت کو فروغ دیا۔

۱۹۹۵ء میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے دوران ملی یکجہتی کونسل کا قیام قاضی حسین احمد، علامہ ساجد نقوی، مولانا سمیع الحق، مولانا شاہ احمد نورانی، مولانا فضل الرحمن اور پروفیسر ساجد میر جیسے اکابرین کی کوششوں کا نتیجہ تھا، جس نے ملک میں ہم آہنگی کی فضا قائم کی۔

مقررین نے کہا کہ آزادیِ وطن کی جدوجہد بھی اتحاد ہی کے نتیجے میں کامیاب ہوئی، آج بھی انہی خطوط پر چلنے کی ضرورت ہے تاکہ وطنِ عزیز کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ “إِنَّ هَذِهِ أُمَّتُكُمْ أُمَّةً وَاحِدَةً وَأَنَا رَبُّكُمْ فَاعْبُدُونِ” — قرآن امتِ مسلمہ کو ایک واحد امت قرار دیتا ہے۔ اسلام کا پیغام توحید، اخوت اور وحدت کا پیغام ہے۔

مقررین نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے موجودہ عالمی حالات خصوصاً فلسطین اور غزہ کے مظالم امت کے اتحاد اور بیداری کے متقاضی ہیں۔ استعماری قوتیں مسلمانوں کو تقسیم کرنے میں مصروف ہیں، لہٰذا امت کو ہوشیاری اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اختتام پر جامعۃ الکوثر کے مہتمم علامہ شیخ انور نجفی، علامہ شیخ اسحاق نجفی اور ان کے رفقاء کو اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جس نے اتحادِ امت اور مذہبی ہم آہنگی کے پیغام کو مزید تقویت دی۔

7:41 شام مارچ 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔