فیلڈ مارشل عاصم منیر دنیا کے سامنے واضح کریں، حماس فلسطین کی آزادی کی علامت ہے، آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی
شیعیت نیوز : وفاق المدارسِ شیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامعِ علی مسجد، حوزہِ علمیہ جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان دنیا میں باعزّت ہو رہے ہیں؛ امریکہ جیسے ملک کا صدر پاکستان کے سربراہ سے ملاقات کو اپنے لیے اعزاز قرار دے رہا ہے۔ لیکن ابھی تک ہم میں وہ شعور نہیں کہ ہم ٹرمپ کے شیطانی معاہدے کو رد کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ 1973ء میں انور السادات نے فلسطینی کاز کو زندہ کیا اور اب حماس نے 7 اکتوبر 2023 کے طوفانِ الاقصیٰ آپریشن سے اسے زندہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سید ہیں؛ انہیں اپنے خاندان کا خیال رکھنا چاہیے اور کسی سے نہ ڈریں۔ حقیقت کو سب کے سامنے لے کر آئیں — اتنی بڑی غلطیاں کرنے والے امریکہ کے سامنے معاہدے کو بے نقاب نہ کرنا اسلام کی توہین ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں عوامی غضب: غزہ کی آزادی کے حق میں ایم ڈبلیو ایم کا احتجاجی مظاہرہ
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر دنیا کے سامنے واضح کریں کہ حماس فلسطین کی آزادی کی علامت ہے، آزادی کی جنگ لڑنے والی حماس کو اس معاہدے سے باہر رکھنا زیادتی ہے۔ تمام مسلمان قوتوں کو حماس کا کھل کر ساتھ دینا چاہیے۔
حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ حماس کی بہادری اور فلسطینی عوام کی قربانیوں کی برکت کی وجہ سے آج مسئلہ فلسطین دنیا میں نمایاں ہوا ہے؛ برطانیہ سمیت اکثریت نے فلسطین کو تسلیم کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے منصوبے میں اسرائیل کو خلافِ حقیقت ‘کلین چٹ’ دی گئی ہے اور مسئلے کی جڑ کو حماس قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی عظمت ساتویں آسمان کو چھو رہی ہے؛ اب ہمارے حکمرانوں کو چاہیے تھا کہ امریکہ کے 20 نکاتی منصوبے میں موجود غلط نکات کی نشان دہی کرتے۔ اسرائیل کے ظلم و بربریت کے خلاف اور امریکہ کے سامنے بات کرنے کی طاقت صرف پاکستان میں ہے۔ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ حماس نے 7 اکتوبر کی جنگ آزادی کے لیے لڑی ہے اور ابھی تک قائم ہے؛ دو سال میں حماس کو کوئی زیر نہیں کر سکا، نہ ہی اسرائیلی یرغمالی بازیاب کروائے جا سکے ہیں اور نہ ہی غزہ پر قبضہ کر سکے ہیں۔







