سی سی ڈی گجرات کی بڑی کارروائی، کالعدم لشکر جھنگوی کے دو دہشت گرد گرفتار
شیعیت نیوز : کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (CCD) گجرات کی جانب سے گزشتہ رات دو مختلف مقامات پر پولیس مقابلے کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی کے دو اہم دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پہلا مقابلہ شادی وال روڈ پر پیش آیا جہاں سی سی ڈی ٹیم نے غلہ منڈی ہریاوالہ میں ہونے والی حالیہ ڈکیتی کے مرکزی دہشت گرد تنویر حسین ولد شبیر حسین ساکن اقبال ٹاؤن گوجرانوالہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق تنویر حسین کی ٹانگ پولیس مقابلے میں گولی لگنے سے زخمی ہوئی۔
گرفتاری کے وقت دہشت گرد کے قبضے سے تھانہ سٹی لالہ موسیٰ کی حدود سے چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی، جس کا مقدمہ نمبر 444/25، زیر دفعہ 392 تعزیراتِ پاکستان درج ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تنویر حسین درجن سے زائد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فورسسز کی کاروائی: کالعدم لشکر جھنگوی کے دو بڑے کمانڈر کمانڈرز جہنم واصل
دوسری کارروائی ڈنگہ روڈ دھپ سڑی اسٹاپ کے مقام پر ہوئی، جہاں غلہ منڈی ڈکیتی کیس کا تیسرا دہشت گرد منظور احمد عرف جھورا ولد محمد فاضل ساکن محلہ کشمیر کالونی گوجرانوالہ بھی پولیس مقابلے کے دوران زخمی ہو کر گرفتار کر لیا گیا۔
سی سی ڈی کے مطابق دونوں گرفتار دہشت گرد کالعدم لشکر جھنگوی کے سرگرم رکن تھے اور ڈکیتی، اسلحہ و دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔







