ایران کا دوٹوک اعلان؛ جوہری پروگرام نہیں رکے گا
شیعیت نیوز : ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے ماسکو میں گلوبل اٹامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کی رکاوٹوں اور دباؤ کے باوجود ایران اپنے جوہری پروگرام کے تسلسل پر قائم ہے اور روس کے ساتھ نئے منصوبوں پر تعاون جاری رہے گا۔
محمد اسلامی نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر شفاف ہے اور تہران اسے ترک کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی مغربی دباؤ کے تحت ایران کے خلاف مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کررہی ہے، حالانکہ ایران کا پروگرام ضابطوں کے مطابق ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بیروت میں شہید سید حسن نصراللہ کی برسی
انہوں نے مزید کہا کہ مغربی ممالک نجی سطح پر تسلیم کرتے ہیں کہ ایران کا جوہری پروگرام خطرناک نہیں ہے۔ اسلامی نے اعلان کیا کہ ایران اور روس کے درمیان نئے بڑے اور چھوٹے جوہری بجلی گھروں کی تعمیر کے معاہدے ہو چکے ہیں۔
انہوں نے ایران کی ایٹمی توانائی ایجنسی کے قیام کی پچاسویں سالگرہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی سائنسدانوں کی پانچ دہائیوں پر محیط محنت نے اس صنعت کو سائنسی ترقی کی علامت بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور تین یورپی ممالک کی جانب سے مسلسل پابندیاں، دھمکیاں، تخریب کاری اور فوجی اقدامات کے باوجود ایران کی جوہری صنعت نے اعلیٰ تکنیکی اور صنعتی معیار حاصل کیے ہیں۔







