ڈیرہ مراد جمالی میں 28 ستمبر کو نصابِ تعلیم کانفرنس کا انعقاد ہوگا، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی آرگنائزر علامہ سید ظفر عباس شمسی، اور علامہ سہیل اکبر شیرازی و دیگر رہنماؤں نے ڈیرہ اللہ یار میں تعمیرِ ملت پبلک اسکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول کے پرنسپل اور ایم ڈبلیو ایم کے سابقہ ضلعی سیکرٹری جنرل ظفر علی حیدری، سید شبیر علی شاہ، نظیر حسین ڈومکی سمیت دیگر شخصیات سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن کے اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم سے مشاورت کا عمل جاری ہے، کیونکہ 28 ستمبر بروز اتوار ڈیرہ مراد جمالی میں نصابِ تعلیم کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نصابِ تعلیم کونسل ملک بھر میں نصابِ تعلیم پر کانفرنسز کا سلسلہ شروع کر چکی ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ، لاہور اور جیکب آباد میں کامیاب کانفرنسز منعقد ہوچکی ہیں جبکہ چوتھی نصابِ تعلیم کانفرنس ڈیرہ مراد جمالی میں 28 ستمبر 2025 کو منعقد ہوگی جس میں اساتذہ، ماہرینِ تعلیم، علمائے کرام، وکلاء اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : شہدائے سانحہ شب عاشور جیکب آباد کی دسویں برسی، عظمت شہداء کانفرنس اور ریلی کا اعلان
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ نصابِ تعلیم کی اصلاح کے لیے اساتذہ، ماہرینِ تعلیم اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے مسلسل مشاورت کا عمل جاری ہے۔ ان کانفرنسز کا مقصد اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم کو اس اہم مسئلے کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ نصابِ تعلیم سے متنازعہ مواد کا اخراج وقت کا تقاضا ہے اور نصاب کی اصلاح ناگزیر ہو چکی ہے۔ حکومت، وزارتِ تعلیم اور نصابِ تعلیم کونسل کو چاہیے کہ وہ موجودہ نصاب کے متنازعہ نکات کی اصلاح کا عمل فی الفور شروع کریں اور ایسا نصاب ترتیب دیں جو تمام مکاتبِ فکر کے لیے یکساں طور پر قابلِ قبول ہو۔
قبل ازیں علامہ مقصود علی ڈومکی نے المصطفیٰ پبلک اسکول کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر سکندر حسین مہر اور اسکول اساتذہ سے ملاقات کی اور تعلیم و نصابِ تعلیم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔







